پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری روضۂ رسولﷺ پر حاضری اور عمرہ کی سعادت حاصل کرنے مختصردورے پرسعودی عرب آئے، جہاں انہوں نے میں مسجد نبوی میں نوافل ادا کیے۔ مدینه منورہ آمد پر روضہ رسول ﷺ کے متولی اور کلید بردار شیخ نوری محمد احمد علی حبشی نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا استقبال کیا۔
بعد ازاں بلاول بھٹو زرداری عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے لیے مکہ مکرمہ پہنچے جہاں انہوں نے پیپلز پارٹی (سعودی عرب) کے صدر تصور حسین چودھری کے ساتھ ملاقات میں قومی اور پارٹی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے اس موقع پر ہدایت کی کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کو ہر ممکن امداد فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقارعلی بھٹو نے اپنے دور حکومت میں سعودی عرب سمیت دیگر عرب ممالک میں روزگار کے مواقع فراہم کیے، جو آج ملک کا سرمایہ ہیں۔ بلاول نے مزید کہا دنیا میں مقیم پاکستانی ملک کی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ وہ ہر سال 13 ارب ڈالر سے زائد رقم ملک میں بھجواتے ہیں۔
تصور چودھری نے وفد کے ساتھ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو عمرہ کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر تصور چودھری نے تفصیلی طور پر سعودی عرب میں پارٹی کی تنظیم پر بریفنگ دی۔ بلاول بھٹو زرداری نے پی پی پی سعودی عرب کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ وہ ان شاء اللہ جلد سعودی عرب کا تفصیلی دورہ کریں گے اور پارٹی کارکنوں سے ملاقات کریں گے ۔