صوبائی وزراء اور وزیر اعلیٰ سندھ کے سید علی مردان شاہ کے انتقال پر اظہار تعزیت

136

کراچی(صباح نیوز) صوبائی وزراء مکیش کمار چاؤلہ، جام اکرام اللہ دھاریجو، غلام مرتضیٰ بلوچ اور وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی سید قاسم نوید قمر نے رکن سندھ اسمبلی و سابق صوبائی وزیر سید علی مردان شاہ کے انتقال پر اپنے گہرے دکھ و رنج کا اظہار کیا ہے۔ صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چاؤلہ نے کہا ہے کہ سید علی مردان شاہ کے انتقال سے پارٹی ایک سینئر اور مخلص رہنما سے محروم ہو گئی ہے۔ صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ سید علی مردان شاہ کی صوبے اور عوام کے لیے خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔ صوبائی وزیر برائے انسانی بستیوں غلام مرتضیٰ بلوچ نے کہا کہ مرحوم ایک وضع دار اور مخلص سیاستدان تھے اور ہمیشہ عوام کی خدمت کی۔ وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ بحالی خصوصی افراد سید قاسم نوید قمرنے کہا کہ سید علی مردان شاہ کی وفات سے پارٹی ایک سینئر اور مدبر سیاستدان سے محروم ہوگئی اور ان کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔ انہوں نے دعا کی کہ باری تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔