اسلام آباد(آن لائن)بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں میگا کرپشن اسیکنڈل سے متعلق تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کرد یا گیاہے ۔مالی امداد کے حصول کے لیے آنے والی خوبرو خواتین سے خفیہ شادیاں کر کے مالی امداد کا کارڈ تھمانے کا انکشاف ہوا ہے ۔انتہائی معتبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ بی آئی ایس پی میں ایسے کیس بھی سامنے آ چکے ہیں جنہوں نے خوبرو عورتوں سے شادیاں کر کے انہیں مالی امداد دی گئی،دوسری اور تیسری شادیوں کا اسیکنڈل سامنے آنے پر ادارے کے بااثر افسران ایک جانب نوکری سے محروم ہونے کی دہلیز پر پہنچ گئے تودوسری جانب ان کے گھروں میں بھی شدید لڑائیاں شروع ہو گئی ہیں،متعدد ایسے افسران و اسٹاف کے لوگ شامل ہیں جنہوں نے اپنی شادیوں کو خفیہ رکھا ہوا تھا۔بی آئی ایس پی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایسے کرپٹ اور بد کردار افراد کے خلاف عدم برداشت کی بنیاد پر کارروائی کرنے کے لیے ایک اعلیٰ سطی کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے جن کی رپورٹ کی روشنی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔