ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) چیف سیکرٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ نے کہا ہے کہ مکانات کی کمی کی وجہ سے پیدا ہونے والے مسائل و مشکلات کا خاتمہ سندھ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، ٹھٹھہ میں شیلٹر ہومز کی تعمیر روٹری کی عظیم عوامی خدمت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹھٹھہ کے قریب گاؤں چلیا میں روٹری ہیومن ٹرسٹ کی جانب سے تعمیر کردہ ’’روٹری جو گوٹھ‘‘ کے مکانات مقامی غریب افراد کو سپرد کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پی پی کے رکن سندھ اسمبلی سید ریاض حسین شاہ شیرازی، پی پی رہنما و سابق ایم این اے ڈاکٹر عبدالواحد سومرو، ڈویژنل کمشنر حیدر آباد محمد عباس بلوچ، ڈی آئی جی حیدر آباد نعیم احمد شیخ، ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ محمد عثمان تنویر، چیئرمن روٹری ہیومنٹیرین ٹرسٹ محمد فیض قدوائی، انجینئر محمد اقبال و دیگر موجود تھے۔ چیف سیکرٹری سندھ نے مزید کہا کہ حکومت سندھ صوبے میں اپنے وسائل کے تحت کام کررہی ہے، سول سوسائٹی کا بھی معاشرے میں اہم کردار ہے۔ یہ بہت خوشی کی بات ہے کہ روٹری کی جانب سے غریب مستحقین کے لیے مکانات بنائے گئے ہیں۔ اس قسم کے مکانات سندھ کے دیگر علاقوں میں بھی تعمیر کرنے چاہییں تاکہ بے گھر افراد کی مدد ہوسکے۔