لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ شہر اور گردونواح میں ایک ہی روز میں پاگل کتوں نے کاٹ کر ضعیف خاتون سمیت 6 افراد کو لہولہان کردیا، متاثرین کی جانب سے ورثا کے ہمراہ سگ گزیدگی کی ویکسین نہ ملنے کیخلاف کمشنر آفس میں قائم اینٹی ربیز سینٹر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کرکے شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر پاگل کتوں کے کاٹنے سے زخمی 32 سالہ نور محمد چانڈیو، 55 سالہ عبدالمجید کلہوڑو، 18 سالہ نوجوان طارق کلہوڑو، عبدالرحیم، 8 سالہ سرفراز جوکھیو، 20 سالہ یاسین جتوئی اور ضعیف خاتون صدوری کورائی نے بتایا کہ ہمیں ہمارے علاقوں میں پاگل کتوں نے کاٹ کر لہو لہان کردیا، جس کے بعد ہم شعبہ حادثات علاج کے لیے گئے، جہاں سے ہمیں اینٹی ربیز سینٹر ریفر کیا گیا، تاہم وہاں گھنٹوں تک انتظار کرنے کے باوجود سگ گزیدگی کی ویکسین نہیں دی گئی، جس کے باعث ہماری جانوں کو خطرات لاحق ہیں لیکن سینٹر انتظامیہ تعاون نہیں کررہی جو ظلم اور زیادتی ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ، صوبائی وزیر محکمہ صحت و دیگر سے اپیل کی کہ سگ گزیدگی کی ویکسین فراہم کرکے لوگوں کی زندگیاں بچائی جائیں۔