لاڑکانہ، جرم ثابت ہونے پر ملزم کو پانچ سال قید بیس ہزار روپے جرمانہ

158

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے نادرا آفس ڈوکری میں ہنگامے کے مقدمے میں جرم ثابت ہونے پر ملزم کو پانچ سال قید اور بیس ہزار روپے جرمانے کی سزا سنادی۔ لاڑکانہ میں انسداد دہشت گردی جج محمد لقمان میمن کی عدالت میں سال 2016ء کے دوران نادرا آفس ڈوکری میں ہنگامہ کرنے اور عملے کو دھمکا کر فائرنگ کے مقدمے کی سماعت ہوئی جہاں جرم ثابت ہونے پر عدالت نے مقدمے میں نامزد ملزم جمیل ولد پیارو شیخ کو پانچ سال قید اور بیس ہزار روپے جرمانے کی سزا سنادی۔ سزا کے بعد ملزم کو لاڑکانہ سینٹرل جیل منتقل کیا گیا۔ ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش کی ہدایات پر لاڑکانہ پولیس نے جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے روپوش و مطلوب 6 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ، گولیاں اور شراب برآمد کرکے مقدمات درج کرلیے۔ ایئر پورٹ پولیس نے دوران چیکنگ ملزم چاکر کلہوڑو کو بغیر لائسنس پستول اور گولیوں سمیت، سچل پولیس نے دوران چیکنگ سنگین نوعیت کے مقدمے میں روپوش ملزم نعیم کلہوڑو، رتو ڈیرو پولیس کی چار روپوش و مطلوب ملزمان راحب چانڈیو، انب لولائی، جمیل ساریو اور الطاف چانڈیو کو پستول، شراب کی بیس بوتلوں اور ایک ہزار لیٹر ایرانی ڈیزل سمیت گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار تمام ملزمان کیخلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔