رانا ثناء اللہ منشیات برآمدگی کیس: فیصلہ محفوظ

486

لاہور: انسداد منشیات کی عدالت میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللہ کے خلاف گاڑی سے ہیروئن برامدگی کیس کی سماعت ہوئی،فاضل جج نے گاڑی کی سپرداری اور فوٹیجز کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔

سماعت کے دوران اے این ایف کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ رانا ثناء اللہ کے وکلاء تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں اس وجہ سے کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کی جائے۔

فاضل جج شاکر حسن نے اے این ایف پراسیکیوٹر سے سوال کیا کہ روزانہ کی بنیاد پر کیس کی سماعت کیسے کروں؟ جس گاڑی میں آتا ہوں وہ تھرڈ کلاس گاڑی ہے،روزانہ کی بنیاد پر کیسز کو ملتوی کرتا ہوں، میرا سٹینو گرافر نہیں ہے، یہ سارے کام وزارت قانون و انصاف نے کرنے ہیں اور آپ کہہ رہے ہیں کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کی جائے۔

جج شاکر حسن نے کہا کہ میں یہ باتیں کرنا نہیں چاہتا تھا مگر آپ کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی بات پر کی ہیں۔

فریقین کی بحث مکمل ہونے کے بعد عدالت کے جج نے کہا میں گاڑی کی سپرداری اور فوٹیجز کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرتا ہوں، میرا سٹینو گرافر آئے گا تب میں فیصلہ لکھوا دوں گا۔

بعد ازاں عدالت نے رانا ثناء اللہ کے خلاف منشیات کیس کی سماعت 8 فروری تک ملتوی کر دی۔