کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاک بحریہ کے بحری جہازوں پی این ایس معاون اور پی این ایس اصلت نے افریقی خطے میں تعیناتی کے تحت سیشلزکی بندرگاہ وکٹوریہ کا دورہ کیا۔ مشن کمانڈر اور کمانڈنگ آفیسرز نے سیشلز کے ممتاز حکام سے ملاقاتیں کیں اور وکٹوریہ کے یتیم خانے، فوئر ڈی ناظرت کا دورہ کیا ۔ بعدازاںوکٹوریہ میں مختلف سماجی اور پیشہ ورانہ مصروفیات کا انعقاد کیا۔
اس دورے کو مقبوضہ کشمیر میں بگڑتی ہوئی صورتحال کو اجاگر کرنے کے لئے بھی بھر پور طور پر استعمال کیا گیا۔ بندر گا ہ وکٹوریہ آمد پر سیشلز کے حکام کی جانب سے پاک بحریہ کے بحری جہازوں کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ مشن کمانڈر نے پاک بحریہ کے بحری جہازوں کے کمانڈنگ آفیسر ز کے ہمراہ جمہوریہ سیشلز کے نائب صدر ، چیف آف ڈیفنس فورسز سمیت دیگر اہم حکام سے ملاقاتیںکیں۔
سیشلز کے حکام سے ملاقاتوں کے دوران مشن کمانڈر نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی جانب سے بالعموم سیشلزکی عوام اور بالخصوص سیشلز کوسٹ گارڈکے لیے نیک تمناو¿ں کا اظہار کیا۔ دونوں ممالک کے حکام نے برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کااعادہ بھی کیا۔ بحر ہند کے خطے میں امن و استحکام اور سمندری سیکیورٹی آپریشنز اوربحری قزاقی سے نمٹنے میں پاک بحریہ کے کردار کو اجاگر کیا گیا جس کا میزبان حکام نے بھی اعتراف کیا۔
خیر سگالی کے طور پر مشن کمانڈر اور کمانڈنگ آفیسرز نے وکٹوریہ کے یتیم خانے، فوئرڈی ناظرت کا دورہ کیا اور بچوں میں تحائف تقسیم کیے۔پاک بحریہ کے بحری جہازوں کی حالیہ تعیناتی کا مقصد افریقی ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو مستحکم بنانا،انسانی امدادکو بڑھانا اورمیزبان بحریہ کے ساتھ باہمی روابط استوار کرنا ہے۔