آئی جی سندھ کے احکامات، کراچی ٹریفک پولیس نے ون وے کی خلاف ورزی پر ڈنڈا اٹھا لیا،

386

کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہر میں ٹریفک حادثات کی روک تھام اور ٹریفک جام سے بچنے کیلئے آئی جی کے احکامات کے بعد سے کراچی ٹریفک پولیس نے ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ڈنڈا اٹھا لیا ۔ٹریفک پولیس کے افسران نے کہا ہے کہ کہ خلاف ورزی کے خاتمے تک کارروئیاں جاری رہیں گی ۔

تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ شہریوں کو رانگ وے پر گاڑی چلانے کی ممانعت کا پابند بنایا جائے۔آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام نے ایک میٹنگ میں ہدایت کی کہ ڈی آئی جی ٹریفک سخت اقدامات اٹھا کر اس مہم کو موثر اور کام یاب بنائیں، شہریوں کو رانگ وے پر گاڑی چلانے کی ممانعت کا سختی سے پابند بنایا جائے، رانگ وے پر گاڑی چلانے کے نقصانات سے بھی شہریوں کو آگاہ کیا جائے۔

خیال رہے کہ اکتوبر 2018 میں بھی سندھ پولیس نے دفعہ 279 کے تحت رانگ وے جانے والوں کو گرفتار کرنے کی مہم چلائی تھی۔آئی جی سندھ نے شہریوں کو بھی ہدایت جاری کی ہے کہ وہ رانگ وے اور ون وے کی خلاف ورزی سے اجتناب کریں، شہری اپنے پیاروں اور دوسروں کو حادثات سے بچائیں، شارٹ کٹ اور جلد بازی اکثر جان لیوا حادثات کا سبب بنتے ہیں۔

کلیم امام کا کہنا تھا کہ شہری ہائی اسپیڈ، اوورٹیکنگ اور رانگ وے پر گاڑی چلانے سے گریز کریں، احتیاط اور صبر محفوظ سفر کی ضمانت ہیں۔شہر کراچی میں رانگ وے کی خلاف ورزی کا بڑھتا ہوا رجحان نہ صرف ٹریفک حادثات میں اضافہ کر رہا ہے بلکہ ٹریفک جام کا باعث بھی بنا ہوا ہے