دادو، گلشن سلیمان نور کالونی کے مکین جدید دور میں بھی سہولیات سے محروم

461

دادو (نمائندہ جسارت) گلشن سلیمان نور کالونی کے مکین جدید دور میں بھی پتھر کے دور میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ گزشتہ 20 سال سے علاقے میں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے، مکین سخت مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔ دو ہزار گھروں پر مشتمل علاقے میں گیس، بجلی، سڑکوں سمیت ڈرینج سسٹم نامکمل ہے، جس کے باعث مکین پتھر کے دور کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ علاقے کے منتخب نمائندوں اور ضلعی انتظامیہ کی نااہلی برقرار ہے، جس کے باعث علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اس موقع پر علاقہ مکینوں مرتضیٰ شاہانی، مجن شاہانی اور دیگر نے بتایا کہ ہمارے علاقے میں گزشتہ بیس سال سے سہولیات نہیں مل سکی ہیں، جس کے باعث ہمیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے سے ہر بار پیپلز پارٹی امیدوار جیتتے آرہے ہیں مگر سہولیات نہیں دی جارہیں، کئی بار منتخب نمائندوں اور ضلعی انتظامیہ کو شکایات کی ہیں مگر کوئی ازالہ نہیں ہورہا۔ انہوں نے حکومت سندھ اور دیگر حکام بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں سہولیات فراہم کرکے ہمیں جینے کا حق دیا جائے۔