گوادر،غیرقانونی ٹرالنگ کی یلغار سے مقامی ماہی گیربیروزگار ہونے لگے

615

گوادر(نمائندہ جسارت) ضلع گوادر میں غیر قانونی ٹرالنگ کی یلغار نے ماہی گیروں کو بیروزگار کردیا۔ دہائیوں سے جاری غیر قانونی ٹرالنگ کے ذمے دار یہاں کے منتخب نمائند ے ہیں۔ جیو نی کے باسی دور جدید میں بھی پیا سے ہیں۔جعلی ماہی گیر تنظیم بناکر ماہی گیروں کے اتحاد کو توڑ نے کی کوشش کی جارہی ہے۔ بی این پی ( عوامی ) ماہی گیروں کے معاشی قتل عام پر کسی بھی صورت خاموش نہیں رہے گی۔ بی این پی ( عوامی ) کے احتجاجی مظاہر ہ سے مقررین کا خطاب۔ بی این پی ( عوامی ) کے زیر اہتمام غیر قانونی ٹرالنگ کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی ۔ ریلی کی قیادت بی این پی ( عوامی ) کے مرکزی سیکرٹری برائے انسانی حقوق ایڈووکیٹ سعید فیض نے کی۔ احتجاجی ریلی کاآغاز بلد یہ گواد رکے آفس کے سامنے ہوا جو مارچ کرتے ہوئے شہداء جیونی چوک پر اختتام پز یر ہوئی۔ ریلی میں بی این پی ( عوامی ) کے کارکنوں کے علاوہ ضلع بھر سے ماہی گیروں نے بھی شرکت کی جس میں گوادر، جیونی ، سربندن ، پشکان اور پسنی کے ماہی گیر شامل تھے ۔ ریلی کے شرکا سے خطاب کر تے ہوئے بی این پی ( عوامی ) کے مر کزی سیکرٹری برائے انسانی حقوق ایڈووکیٹ سعید فیض ، مرکزی فشر یز سیکرٹری ملا واحد نوری، ضلعی صدر بنی بخش بابر، ڈپٹی جنرل سیکرٹری محمد علی سنگھور، تحصیل صدر پسنی کہدہ عبدالغفور ، پارٹی رہنمائوں لعل وقاراور صادق خان نے کہا کہ ضلع گواد ر میں جاری غیر قانونی ٹرالنگ میں کمی کے بجائے تیزی آ گئی ہے جس کی وجہ سے اورماڑہ سے لے کرجیونی تک ماہی گیر پر یشان ہیں ان کے گھروں کے چولہے بج گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع گواد رمیں غیر قانونی ٹرالنگ اور ٹرالر مافیا کی سر پرستی ایک مخصوص گروہ کررہا ہے جس کی پشت پناہی محکمہ فشر یز کررہی ہے یہی وجہ ہے کہ ضلع گوادر میں غیر قانونی ٹرالنگ کا اژدھا بے قابو ہے ۔ انہوں نے کہاکہ آ ج اگر ماہی گیر اپنے روزگار اور دیگر بنیادی مسائل سے محرومی کا سامنا کررہے ہیں تو وہ کمزور قیادت کا نتیجہ ہے جو گزشتہ کئی ادوار سے یہاں پر قابض ہے جس نے عوامی مسائل کے حل اور ماہی گیروں کے روزگار کو تحفظ فراہم کرنے کے بجائے گروہی مفادات کو مقدم سمجھا۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف ٹرالر مافیا ماہی گیروں کے روزگار کو تباہ کررہی ہے دوسری طرف ماہی گیروں کے اتحاد کو توڑ نے کے لیے جعلی ماہی گیر تنظیمیں بناکر ٹرالر مافیا کو مضبوط کیا جارہا ہے جو افسوس ناک ہے ۔ انہوں نے کہاکہ باران رحمت کے بعد گوادر کے تمام آبی ذخائر لبر یز ہیں لیکن جیونی کے باسی آج بھی پیا سے ہیں جو نااہل نمائندگی کا مظہر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی این پی ( عوامی ) تنہا عوامی مسائل کے حل کے لیے جدو جہد کی اہلیت رکھتی ہے آل پارٹیز کو چاہیے کہ وہ ایم پی اے کی ثنا خوانی کے بجائے عوام کے مسائل کے حل کے لیے کر دار اداکر ے ۔ انہوںنے مطالبہ کیا کہ ضلع گوادر میں غیر قانونی ٹرالنگ کا خاتمہ کیا جائے اور جیونی میں پانی بحران کو حل کیا جائے بصورت دیگر بی این پی ( عوامی ) احتجاج بلند کرتی رہے گی۔درایں اثنا ریلی کے اختتام پر بی این پی ( عوامی ) کے کارکن جلوس کی شکل میں محکمہ پی ایچ ای گوادر کے دفتر پہنچے جہاں انہوں نے بی این پی ( عوامی ) کے مرکزی سیکرٹری برائے انسانی حقوق ایڈووکیٹ سعید فیض کی قیاد ت میں پی ایچ ای کے حکام سے ملاقات کرکے جیونی میں پانی بحران پر تشو یش کااظہار کرتے ہوئے فوری طور پر اقدامات کا مطالبہ کیا۔