لاڑکانہ، 2019ء میں جرائم کی 7319 واردتیں رپورٹ

142

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) ڈی آئی جی آفس نے ڈویژن کی سال 2019ء کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی۔ رپورٹ کے مطابق سال 2018ء کی نسبت 2019ء میں جرائم کی شرح میں اضافہ ہوا، لاڑکانہ ڈویژن کے پانچوں اضلاع لاڑکانہ، قنبر، شہدادکوٹ، شکارپور، جیکب آباد اور کشمور ایٹ کندھ کوٹ میں سال 2019ء میں 7319 جرائم پیشہ واردتیں رپورٹ ہوئیں۔ ڈویژن بھر میں 295 افراد قتل، 74 کاروکاری جبکہ 46 جنسی اور اجتماعی زیادتی کا شکار ہوئے۔ 2019ء کے دوران لاڑکانہ ڈویژن میں 279 افراد کو اغوا کر کے گم کر دیا گیا، جبکہ اغوا برائے تاوان کے 12 کیسز رپورٹ ہوئے، 14 بچوں کو بھی اغوا کیا گیا جن میں سے چند کو قتل کردیا گیا۔ ڈکیتی کی 78 جبکہ، اسٹریٹ کرائم کی 64 وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔ 502 پولیس مقابلے بھی ہوئے تاہم 191 شہریوں کو اپنی موٹر سائیکلوں سے بھی محروم ہونا پڑا۔ رپورٹ کے مطابق ضلع کندھکوٹ کشمور کے 6 مغویوں کو تاحال بازیاب نہیں کروایا جاسکا ہے۔ تاہم ڈی آئی جی لاڑکانہ آفس سے جاری کردہ رپورٹ میں حیرت انگیز طور پر سال 2018ء اور 2019ء میں کوئی بھی خودکشی ظاہر نہیں کی گئی جبکہ آزاد ذرائع گزشتہ دو سال میں 25 سے زائد خودکشیوں کی تصدیق کر رہے ہیں۔