کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان لاڑکانہ میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران سندھ کے لیے خصوصی پیکج کااعلان کرینگے۔ ان شاء اللہ یہ جلسہ سندھ کی سیاسی تاریخ کا اہم جلسہ ثابت ہوگا،موجودہ حکومت ملک کو کرپٹ سیاستدانوں کی بدولت دیے گئے بحرانوں سے نجات دلانے کیلیے دن رات کوشاں ہے عوام کے تعاون سے ہی نئے پاکستان کی تعبیر مکمل کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں پاکستان تحریک انصاف سندھ کے رہنما مبین احمد جتوئی کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کے دوران کیا،اس موقع پروفد میں اللہ بخش انڑ، آغا تیمور خان پٹھان، سیف اللہ ابڑو و دیگر رہنما شریک تھے،ملاقات میں گورنر سندھ اور وفد کے درمیان ملک سمیت سندھ کی سیاسی اور تنظیمی صورتحال اور وزیراعظم عمران خان کے دورہ سندھ اور 27 جنوری کو لاڑکانہ میں منعقدہ جلسہ کے حوالے بھی خصوصی گفتگو کی گئی ۔