کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سے ادارہ نورحق میں کوئٹہ ٹاؤن کوآپریٹیوہاؤسنگ سوسائٹی سیکٹر 3A،18A،18B کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی اور مسائل سے آگاہ کیا ۔ ملاقات میں ڈپٹی سیکرٹریز کراچی یونس بارائی ، عبدالرزاق ، سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری ودیگر بھی موجود تھے۔وفد میں مولانا عبد الوحید ،عدنان رضوی،اسد شفیق،محمد اقبال، سجاد خان ،ریاض،سید یونس نقوی ودیگر شامل تھے ۔وفد نے حافظ نعیم الرحمن کو بتایا کہ کوئٹہ ٹاؤن تاحال پانی ،بجلی گیس جیسی بنیادی ضروری سہولیات سے محروم ہے حتیٰ کہ سیوریج کا نظام بھی موجود نہیں ہے ،سوسائٹی کے اندرونی حصے میں سڑکیںنہیں بنائی گئیں،اسکیم کے نقشے پاس نہیں ہوئے ،مختلف سرکاری محکموں میں واجبات ادا نہیں کیے جارہے جبکہ دوسری مرتبہ ڈیولپمنٹ چارجز ادا کرنے کے باوجود بھی سوسائٹی کی حالت دگرگوں ہے۔حافظ نعیم الرحمن نے وفد کا خیر مقدم کیااور بھرپور حمایت اور تعاون کی مکمل یقین دہانی کرائی اور کہاکہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ مظلوموں کاساتھ دیا ہے ،مسائل کے حل کی کوشش کی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی۔جماعت اسلامی کے ذمے داران کوئٹہ ٹاؤن کے مسائل کے حل کے لیے اعلیٰ حکام سے ملاقات بھی کریںگے۔