نومولود بچوں کے اغوا میں ملوث ملزمان کی نشاندہی پر چھاپے

556

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر قائد کے علاقے اورنگی ٹاو¿ن سے نومولود بچوں کو اغوا کرنے والے گینگ کی گرفتاری کے بعد پولیس نے مختلف مقامات پر اہم چھاپے مارے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات پولیس نے اورنگی ٹاون میں سرکاری اسپتال قطر کے قریب چھاپا مار کر نومولود بچوں کو اغوا کرنے والے گینگ کے اہم ارکان کو پکڑ لیا تھا، گرفتار ملزم اور ملزمہ کی نشان دہی پر مختلف مقامات پر پولیس نے چھاپے مارے۔

گرفتار ملزمان میں عدنان شوکت ولد شوکت شاہ، اور فوزیہ عرف دعا ولد خورشید احمد شامل ہیں، پولیس نے امکان ظاہر کیا ہے کہ نومولود بچوں کے اغوا میں اسپتال انتظامیہ بھی شامل ہے،

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان ممکنہ طور پر اسپتال انتظامیہ کی ملی بھگت سے وارداتیں کرتے تھے، اس گروہ میں دیگر خواتین اور مرد بھی شامل ہیں۔ ملزمان سرکاری اسپتال سے ایک عرصے سے نومولود بچے اغوا کر رہے ہیں، گزشتہ رات کارروائی کے دوران خاتون سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا، ملزمان نومولود بچے اغوا کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

ایس ایس پی ویسٹ فدا حسین کا کہنا تھا ملزمان پر چھاپا اس وقت مارا گیا تھا جب وہ قطر اسپتال اورنگی ٹاون سے نومولود بچے کو اغوا کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ دیگر ملزمان کی تلاش میں مزید چھاپے مارے جائیں گے۔