سندھ حکومت کی تمام صوبوں میں برتری، نادرا کے ساتھ معاہدے،

965

کراچی( منیر عقیل انصاری )وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ عوام اب اپنے پیدائش، موت، شادی اور طلاق کے نادرا کے سرٹیفکیٹ اسی روز آن لائن اپنی متعلقہ یونین کونسل کے دفتر سے حاصل کرسکتے ہیں جوکہ سندھ حکومت کا عوام کیلئے سہولیات کے حوالے سے ایک بڑا قدم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج سندھ سیکریٹریٹ میں اپنے دفتر میں مقامی حکومت سندھ اور نادرا کے مابین اس حوالے سے ایم او یو سائن کی تقریب کے موقع پر اپنے خطاب میں کیا۔

معاہدے پر دستخط سیکریٹری بلدیات روشن علی شیخ اور ڈائریکٹر جنرل نادرا سندھ میر عجم خان درانی نے کیئے جبکہ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل (سی آر ایم ایس) ، نادرا ہیڈ کوارٹر اسلام آباد محترمہ فضاء شاہد، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈپارٹمنٹ (پی ایم ای سی) فاروق صدیقی اور صوبائی فوکل پرسن نادرا کفایت علی میرانی بھی موجود تھے۔ وزیر بلدیات نے اس موقع پر کہا کہ یہ صوبہ سندھ کے عوام کیلیے خوشی کا مقام ہے کہ نادرا اور مقامی حکومت کی کاوشیں رنگ لے آئیں۔ آن لائن سسٹم موجودہ آف لائن سسٹم کی جگہ لے گا اور حتمی واقعات کی رجسٹریشن اور سرٹیفکٹ کا اجراءیعنی پیدائش، موت، شادی اور طلاق اسی نظام کے ذریعے کی جائی گی

۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری بلدیات روشن علی شیخ نے کہا کہ معاہدے کے مطابق نادرا اس پورے سسٹم کی دیکھ بھال کرے گا۔ اس پورے سسٹم کا ڈیٹا کمپیوٹرائزڈ ہوگا۔ وزیر بلدیات، سیکریٹری بلدیات اور ضلعی افسران جب چاہے دیٹا دیکھ سکتے ہیں۔ ضلعی لیول پر اور صوبائی لیول پر۔ سرٹیفکیٹ کیلیے آنے والوں کے شناختی کارڈ کی نادرا سے براہ راست تصدیق ہوسکے گی۔ اگر شناختی کارڈ میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ ہے یا ڈیفالٹر ہے تو فوری طور پر الرٹ آجائے گا۔ اس سسٹم سے شفاف نظام قائم ہوگا اور کوئی بھی شخص فراڈ سے سرٹیفکیٹ حاصل نہیں کرسکے گا اور غلط سرٹیفکیٹ کے اجراءپر یہ سسٹم مذکورہ سرٹیفکیٹ منسوخ کرسکے گا۔

ڈی جی نادرا سندھ نے اس موقع پر سندھ حکومت کا اور خصوصاً وزیر بلدیات و سیکریٹری بلدیات کا شکریہ ادا کی اجن کے تعاون سے یوسیز میں سرٹفکیٹ کے اجراء کیلیے آف لائن سسٹم سے آن لائن سسٹم ملک کے تمام صوبوں کے مقابلے میں سب سے پہلے صوبہ سندھ میں شروع کیا گیا۔ انھوں نے مزید بتایا کہ صوبہ سندھ میں 2006 سے 30 نومبر 2019 تک 13.41 ملین اہم واقعات رجسٹرڈ ہوچکے ہیں جوکہ اب نئے سسٹم سے منسلک کردیئے گئے ہیں جبکہ 13.75 سرٹیفکیٹ کا اجراءکیا جاچکا ہے۔