اسلام آباد(آن لائن )اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں نیلامی کے سوا دیگر پلاٹوں کی الاٹمنٹ پر پابندی برقرار رکھنے کا حکم دے دیا۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹسجسٹس اطہر من اللہ نے وفاقی دارالحکومت میں ایکوائر زمین کے متاثرین اور الاٹیز کو پلاٹ الاٹمنٹ کے کیس کی سماعت کی۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی علی اعوان نے کمیشن کی رپورٹ پیش کی۔ ہائی کورٹ نے حکم امتناع میں توسیع کرتے ہوئے اسلام آباد میں نیلامی کے سوا دیگر پلاٹوں کی الاٹمنٹ پر پابندی برقرار رکھی۔چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ اسلام آباد میں کچہری اور اسپتالوں کے لیے جگہ نہیں،یہاں کبھی بھی عام آدمی کو سہولت دینا ترجیح نہیں رہی، 1960ء سے جن کی زمینیں ایکوائر کی گئیں پہلے ان کو معاوضہ دیا جائے گا، لوگ پھر رہے ہیں ان کو آج تک انصاف نہیں ملا، یہ ریاست کی ناکامی ہے۔چیف جسٹس نے کہا کہ لینڈ ایکوزیشن پوری دنیا میں حکومتیں مارکیٹ ریٹ سے زیادہ دیتی ہیں، جو بڑے لوگوں کو پلاٹ دیے گئے کیوں نہ وہ متاثرین کوالاٹ کردیے جائیں۔کیس کی مزید سماعت 3 فروری تک ملتوی کردی گئی۔