بینظیر انکم پروگرام سے مستفید سرکاری افسران کے نام سامنے لائے جائیں،وزیراعظم

181

 

اسلام آباد(خبر ایجنسیاں)وزیراعظم عمران خان نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے فائدہ اٹھانے والے سرکاری افسران کے نام عوام کے سامنے ظاہر کرنے کا حکم دے دیا۔حکومت نے بے نظیر انکم اسپورٹ پروگرام میں فراڈ کرنے والے سرکاری افسران کے خلاف کارروائی شروع کردی۔پروگرام سے نکالے گئے سرکاری افسران کی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی گئی تو عمران خان نے معاملے پر شدید اظہار برہمی کرتے ہوئے ملوث سرکاری افسران کے نام پبلک کرنے کی ہدایت دے دی۔وزیراعظم نے کہا کہ غریبوں کا حق لوٹنے والوں کو چھوٹ نہیں دے سکتے، لوٹ مار کرنے والوں کے نام قوم کے سامنے لائے جائیں۔علاوہ ازیںوزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت اتحادی جماعتوں کے تمام تحفظات کو دور کرے گی اور انھیں ہمیشہ ساتھ لے کر چلے گی۔منگل کو کابینہ کے اجلاس سے خطاب کے دوران عمران خان کا کہنا تھا کہ اتحادی جماعتوں نے ہر مشکل وقت میں حکومت کا ساتھ دیا، انھیں ساتھ لے کر چلیں گے۔وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اتحادی جماعتوں کے تحفظات ختم کرنے کیلیے حکومتی کمیٹی بنائی جس کا ان کے ساتھ رابطہ ہے۔ ہم اپنے اتحادیوں کے تحفظات دور کریں گے ۔ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں اتحادی جماعتوں کے تحفظات پر بھی بات چیت کی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم اہم اتحادی ہے، خالد مقبول صدیقی کو کابینہ میں واپس لائیں گے، اتحادیوں کے تمام مطالبات پر پیشرفت ہورہی ہے، حکومتی کمیٹی تمام اتحادیوں سے مسلسل رابطے میں رہتی ہے۔