وزیراعظم سیاسی خودکشی کرچکے، عزت بچانے کیلیے استعفا دیں ‘جاوید ہاشمی

152

ملتان (صباح نیوز) سینئر سیاست دان جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ایک کٹھ پتلی وزیراعظم ہیں‘ وہ سیاسی خودکشی کرچکے ہیں اب انہیں استعفا دے دینا چاہیے۔ ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان استعفا دے دیں تو ان کی تھوڑی عزت بچ جائے گی‘ وہ اسمبلیاں توڑے بغیر گھر چلے جائیں۔انہوں نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ توقعات کے عین مطابق ہے‘ عدالت عالیہ نے یہ فیصلہ دے کر خصوصی عدالت کے دبائوکو ختم کر دیا ہے‘ سنگین غداری کیس کی نظر ثانی کی درخواست عدالت عظمیٰ کو دی جانی چاہیے تھی۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف نے3 مرتبہ آئین توڑا‘ یہ سب کے سامنے ہے‘ ن لیگ کی مرکزی قیادت لندن میں ہے اور یہاں والوں کو فیصلے سمجھ نہیں آرہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف پر کیس نواز شریف نے کیا اور سزا بھی اسی کو مل رہی ہے۔