سندھ ہائی کورٹ میں گسٹا کے الیکشن کوکالعدم قرار دینے کی استدعا

164

کراچی (اسٹاف رپورٹر )گورنمنٹ سیکنڈری ٹیچرز ایسو سی ایشن سندھ ( گسٹا)کے حالیہ الیکشن کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے الیکشن کالعدم قرار دینے کی استدعا کی ہے۔سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں جسٹس آغا فیصل پر مشتمل دو رکنی بینچ نے گسٹا کے حالیہ الیکشن کے خلاف صداقت علی چنا و دیگر کی جانب سے دائر آئینی درخواست کی سماعت کی جس پررجسٹرار جوائنٹ اسٹاک کمپنیز کی جانب سے جواب داخل کردیا گیا مگر دیگر فریقین کی جانب سے جواب داخل نہ کر نے پر عدالت نے کیس کی مزید سماعت 22جنوری تک ملتوی کر تے ہوئے دیگر فریقین کو جواب داخل کرنے کی ہدایت کر دی۔دوران سماعت رجسٹرار جوائنٹ اسٹاک کمپنیزکی جانب سے جواب داخل کروا دیا گیا۔دائر درخواست میں چیف سیکرٹری سندھ ،مرکزی صدر گسٹا حاجی محمد اشرف خاصخیلی،چیئرمین سینٹرل الیکشن کمیشن گسٹا زاہد حسین ،ضلعی صدرکراچی اعجاز حسن اعوان ،جنرل سیکرٹری کراچی رفیق کاندھڑو اور رجسٹرار جوائنٹ اسٹاک کمپنیز کو فریق بنایا ہے۔