اسلام آباد(اے پی پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی، اصلاحات وخصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ عمران خان کراچی کے بنیادی انفرااسٹرکچر کوکامیاب کرکے رہیں گے، کے پی ٹی سے پیپری تک فریٹ کوریڈور، ناردرن بائی پاس، لیاری ایکسپریس وے، کراچی سرکلر ریلوے جیسے منصوبے جلد مکمل ہوں گے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی میں جاری منصوبوں کے لیے متعدد محکموں میں کوآرڈینیشن اور تعاون کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے متعلقہ وفاقی محکموں کو ہدایت کی کہ وہ منصوبوں کی پروسیسنگ کو تیز کریں تاکہ ان منصوبوں پر عمل درآمد شروع ہوسکے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزارت منصوبہ بندی جنوری 2020ء کے اختتام سے مذکورہ منصوبوں کے لیے مشترکہ تجویز تیار کرے گی۔اجلاس میں کے سی آر کی پروسیسنگ سے متعلق پیشرفت کا ذکر کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ منصوبے کو آگے بڑھانے کے لیے زیر التوا امور کو رواں ماہ کے اندر حل کیا جائے گا۔