عدالتی فیصلوں سے طاقتور اور کمزور کے لیے الگ الگ قانون ثابت ہوگیا، سراج الحق

755
امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق شہید محمد عظیم بلوچ کے تعزیتی اجتماع سے خطاب کررہے ہیں

xاسلام آباد( نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ عدالتوں کے فیصلوں سے ثابت ہو گیاہے کہ طاقتو ر اور بااثر کے لیے ایک اور عام آدمی کے لیے دوسراقانون ہے ۔2نہیں ایک پاکستان کا نعرہ لگانے والوں کی اصلیت کھل کر سامنے آگئی ہے۔ اوگرا اور نیپرا منتخب ادارے نہیں مگر فیصلے یہی کرتے ہیں ۔ حکومت نے ڈیڑھ درجن کے قریب ریگولیٹرز بنا رکھے ہیں جو عوام کا خون نچوڑ کر آئی ایم ایف کو پلارہے ہیں ۔ ایسٹ انڈیا کمپنی کی طرح ان ریگولیٹرز نے بھی عوام کو یرغمال بنارکھاہے ۔جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کااظہار انہوںنے اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکمران بے رحمی سے عوام کا خون نچوڑ رہے ہیں ۔ عوام کے لیے 2 وقت کے کھانے کا انتظام مشکل ہوچکا ہے ، غریب فاقہ کشی پر مجبور ہیں مگر حکمران آئی ایم ایف کے حکم پر آئے روز تیل ، گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ سبزیوں اور دالوں کی قیمتیں سن کر غریب بغیر کچھ خریدے گھر چلا جاتاہے ۔لوگوں کے لیے زندگی مہنگی اور موت سستی ہوچکی ہے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت عوام کی پریشانیوں میں اضافہ کر رہی ہے ۔ ایک طرف محروم و مجبور اور پسا ہوا طبقہ ہے اور دوسری طرف طاقتو ر اور اشرافیہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ خود کو سیاہ و سفید کا مالک سمجھنے والی اشرافیہ عوام کے لیے مسائل پیدا کر رہی ہے ۔ لاہور سے اسلام آباد تک موٹر وے اعلیٰ معیار کی اور اسلام آباد سے پشاور تک غیر معیاری ہے ۔ اسی طرح اسلام آباد سے پشاور تک موٹر وے پر انٹر چینج ، آرام گاہیں اور قیام و طعام کے سروس ایریاز کے معیار میں واضح فرق محسوس ہوتاہے جس سے خیبر پختونخوا کے عوام میں احساس محرومی پایا جاتاہے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ سندھ اور بلوچستان میں شاہراہیں انتہائی خراب اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جس کی وجہ سے سڑکوں پر ہزاروں گاڑیاں پھنس جاتی ہیں ۔ ٹوٹی ہوئی سڑکوں کی وجہ سے روزانہ ہونے والے حادثات میں بیسیوں لوگ لقمہ اجل بن جاتے ہیں ۔ گزشتہ روز جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر عظیم بلوچ اپنے 2 ساتھیوں سمیت حادثے میں شہید ہو گئے مگر وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے مجرمانہ غفلت اختیار کر رکھی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت نے ان خستہ حال سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی طرف توجہ نہ دی تو لوگ احتجاج پر مجبور ہو جائیں گے ۔