اسد قیصر سے جرمنی کے وزیر مملکت برائے خارجہ کی ملاقات

122

اسلام آباد (اے پی پی)ا سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ جرمنی یورپی یونین کا انتہائی اہم ملک ہے اور پاکستان جرمنی کے ساتھ اپنے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے، پاکستان جرمنی کے ساتھ پارلیمانی و اقتصادی روابط کو فروغ دے کر دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہا ں ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار جرمنی کے وزیر مملکت برائے خارجہ نیلسن انین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان میں تعینات جرمن سفیر برنارڈ شلاگیگ بھی موجود تھے۔ اسپیکرنے کہا کہ پاکستان اور جرمنی اہم عالمی و علاقائی امور پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں اور دونوں ممالک نے امن کے فروغ کے لیے عالمی و علاقائی فورمز پرایک دوسرے کے مؤقف کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں سماجی و معاشی شعبوں میں دوطرفہ تعاون میں فروغ دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ اسپیکر نے کہا کہ عالمی امن کی خاطر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی سیکورٹی فورسز اور عوام نے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کی جانب سے جاری جارحیت کے وجہ سے خطے کے امن کو خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں گزشتہ 162روز سے کرفیو نافذ ہے اور کشمیری عوام کرفیو کے نفاذ کی وجہ سے تمام بنیادی ضروریا ت زندگی سے محروم ہیں اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں اور بنیادی ضروریات زندگی کی عدم موجودگی کے باعث مقبوضہ کشمیر میں جاری کرفیو کی وجہ سے سنگین انسانی المیہ جنم لے چکا ہے۔