لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) ڈی آئی جی لاڑکانہ عرفان علی بلوچ کی ہدایات پر پولیس فیسلیٹیشن سینٹر لاڑکانہ رینج کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی گئی۔ ڈی آئی جی کے مطابق سینٹر میں مجموعی طور پر 10370 مختلف نوعیت کے رپورٹ ہوئے جن میں سے 10300 حل کیے گئے اور 70 زیر تفتیش ہیں، جنہیں جلد حل کیا جائے گا۔ حل کردہ کیسز میں کیریئر ویریفکیشن کے 101، کاغذات گمشدگی کے 1557، لرننگ ڈرائیونگ لائسنس کے 7511، رہائشی مکان کرایے داروں کی رجسٹریشن کے 27، پرائیویٹ ملازمین کی رجسٹریشن کے 390، انصاف کی فراہمی کے 314، خواتین کے مسائل پر ان کی مدد کے 396، آن لائن کمپلین رجسٹریشن کی 4 رپورٹس شامل ہیں۔ اس موقع پر ڈی آئی جی لاڑکانہ عرفان علی بلوچ نے کہا کہ شہریوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔