کوئٹہ میں شدید برف باری، سڑکوں کو کلیئر کرنے کا کام جاری

184

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) کوئٹہ میں شدید برف باری، شہر کی سڑکوں کو کلیئر کرنے کا کام جاری ہے، بہتر انتظامات کے باعث کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ اورنگزیب بادینی نے کوئٹہ میں شدید برف باری کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سے متعلق میڈیا کو بریفننگ دیتے ہوئے کہا کہ شہر میں 13 انچ سے زیادہ برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔ برفباری کو ضلعی انتظامیہ نے بہتر انتظامات کے ذریعے عوام کے لیے زحمت بنانے سے بچایا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے تمام تر امور کا جائزہ لیا ہے اورمختلف ہدایات جاری کی ہیں۔ ڈی سی کوئٹہ نے کہا کہ لیویز، ایف سی اور پولیس نے بھی ریسکیو کے کاموں میں ہمارا ساتھ دیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے برفباری کی پیشگی اطلاع پر کنٹرول روم قائم کردیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ 12 چھوٹے لوڈرز 2 بڑے لوڈرز اور 4 گریڈرز بحالی کا کام کر رہے ہیں۔ آج شام تک پورے شہر کی شاہراہوں کو بحال کر دیا جائے گا۔