خالد مقبول واپس وفاقی کابینہ کا حصہ ہوں گے، فردوس شمیم

185

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ سے بات چیت کے بعد مسائل حل ہونگے، خالد مقبول صدیقی واپس آجائیں گے۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان سے انڈراسٹینڈنگ کا مسئلہ ہے،امید ہے وضاحتوں اور تحفظات کی دوری کے بعد خالد مقبول صدیقی کی وفاقی کابینہ میں واپسی ہوجائے گی۔ فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ وفاق سندھ کو پورا حصہ دے رہا ہے ،فنڈز بھی مل رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی ذمے داری ہے کہ وہ کراچی کی تمام ضروریات کو پورا کرے،متحدہ ہماری اتحادی جماعت ہے اس کے مطالبات پورے کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ بیرسٹر فروغ نسیم ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے ہی نامزد وزیر اور قابل وکیل ہیں۔پیپلز پارٹی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بلاول زرداری کی پیش کش غیرسنجیدہ ہے،وہ پپو میاں ہیں اسی لیے پپو والی باتیں کرتے ہیں۔