لیگی رہنما احسن اقبال اور خواجہ برادران کے ریمانڈ میں توسیع

153

اسلام آباد/ لاہور (نمائند ہ جسارت/ آن لائن) احتساب عدالت نے ن لیگی رہنمائوں احسن اقبال اور خواجہ برادران کے ریمانڈ میں توسیع کردی‘ مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور نیب کے وعدہ معاف گواہ قیصر امین بٹ کو شدید علالت کی حالت میں مقامی اسپتال میں منتقل کردیا گیا ہے۔ قیصر امین بٹ نہ صرف دل کے عارضے میں مبتلا ہیں بلکہ انہیں ہائی بلڈ پریشر کا عارضہ بھی لاحق ہے۔تفصیلات کے مطابقنارووال اسپورٹس سٹی کمپلیکس میں خرد برد کے الزام میں گرفتار مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کو احتساب عدالت نمبر2 کے جج اعظم خان کے روبرو پیش کیا گیا۔ عدالت نے احسن اقبال کو 20 جنوری تک مزید7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔لاہور کی احتساب عدالت نے پیراگون اسکینڈل کیس میں مسلم لیگ ن کے رہنمائوں خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کے جوڈیشل ریمانڈ میں11 روز کی توسیع کردی۔ احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے کیس کی سماعت کی ۔ پیر کو پروڈکشن آرڈر پر قومی اسمبلی اجلاس میں مصروفیت کے باعث خواجہ سعد رفیق کو عدالت کے رو برو پیش نہ کیا جاسکا۔ دوران سماعت عدالت نے وعدہ معاف گواہ قیصر امین بٹ کے بیان کی نقول خواجہ برادران کے وکیل کو فراہم کر دی۔ جبکہ نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے قیصر امین بٹ کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی،جس میں بتایا گیا کہ بیماری کے باعث قیصر امین بٹ پیش نہیں ہو سکتے‘ تندرست ہوتے ہی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے قیصر امین بٹ کے علاوہ دیگر گواہوں کو طلب کرنے کی استدعا کی گئی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے محکمہ مال کے گواہوں کو آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔ عدالت نے خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں11روز کی توسیع کرتے ہو ئے کیس کی سماعت 24 جنوری تک ملتوی کردی۔