اسلام آباد / تہران(صباح نیوز)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ خطے میں نئی کشیدگی کی گنجائش نہیں، بھارتی آرمی چیف غیر پیشہ ورانہ بیانات اپنی داخلی سیاست کے لیے دے رہے ہیں۔ شاہ محمود ایران پہنچ گئے، آج سعودی عرب اور پھر امریکا جائیں گے۔شاہ محمود قریشی نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کہا کہ بھارتی آرمی چیف غیر پیشہ ورانہ بیانات دے رہے ہیں، اس پر تعجب ہوتا ہے اور لگتا یہ ہے کہ اپنی داخلی سیاست کے لیے ایسا کیا جارہا ہے جبکہ ایک پیشہ ورانہ سپاہی کو سیاست سے اجتناب کرنا چاہیے۔ ہمارا ایجنڈا بڑا واضح ہے کہ ہم نہیں چاہتے کہ خطے میں کوئی نئی لڑائی اور کوئی نئی جنگ چھڑ جائے، پاکستان سمجھتا ہے کہ یہ خطہ مزید کسی لڑائی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ اس خطے میں بے پناہ جھگڑے ابھی جاری ہیں اور بے پناہ مسائل حل طلب ہیں اس میں نئی کشیدگی کی گنجائش نہیں ہے۔ پاکستان اپنی کوشش کر سکتا ہے کہ کیونکہ پاکستان سمجھتا ہے کہ اگر کشیدگی بڑھتی ہے تو اس کے اثرات نہ صرف خطے پر پڑتے ہیں بلکہ پاکستان بھی اس کی لپیٹ میں آسکتا ہے اور اس کا اثر پوری دنیا پر ہو سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عین ممکن ہے اور کوئی بعید نہیں ہے بھارت کوئی نہ کوئی مس ایڈوینچر کرسکتا ہے۔ بھارت کے داخلی حالات بہت پیچیدہ ہو چکے ہیں اور احتجاج کی کیفیت نے پورے بھارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ابھی بھی افغانستان کا مسئلہ حل طلب ہے اور ہماری کاوش اور کوشش ہے کہ وہاں امن اور مفاہمت کا پراسیس اپنے منطقی انجام کو پہنچے ۔ انہی خطرات کو سامنے رکھتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے مجھے کہا ہے کہ ایران، سعودی عرب اور امریکا جو بہت اہمیت رکھتے ہیں ان کا دورہ کروں اور کوشش کروں کہ جنگ کے جو بادل ہمارے سر پر منڈلارہے ہیں وہ ٹل جائیں۔ مزید برآںوزیر خارجہ شاہ محمود قریشی وفد کے ہمراہ تہران پہنچ گئے جہاں ایرانی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل سید رسول موسوی نے خیر مقدم کیا، شاہ محمود قریشی نے امام رضا کے روضہ مبارک پر حاضری دی اور روضہ کے احاطہ میں نوافل ادا کیے،پاکستان کی سلامتی اور مسلم امہ کے اتحاد ویگانگت کے لیے دعائیں کیں۔ وزیر خارجہ نے گورنر جنرل خراسان علی رضا ازم حسنی سے ملاقات کی۔ وزیر خارجہ نے پرتپاک استقبال پر گورنر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مقدس مقامات کی زیارت سے دورے کا آغاز باعث سعادت ہے ۔وزیر خارجہ نے پاکستانی زائرین کے لیے بہترین انتظامات کرنے پر شکریہ ادا کیا۔شاہ محمود قریشی وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر دورہ کر رہے ہیں۔ سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، وزارت خارجہ کے سینئر حکام بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ ہیں۔ وزیر خارجہ آج پیر کو سعودی عرب کا دورہ کریں گے اور ریاض میں سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان سے ملاقات کریں گے۔ وزیر خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ایران امریکا کشیدگی سمیت علاقائی امن واستحکام کے حوالے سے تبادلہ خیال کریں گے خطے میں امن وسلامتی کو لاحق خطرات کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے سفارتی ذرائع سے مسائل کا حل تلاش کرنے کی کوششوں کی حمایت کی جائے۔