سانحہ ساہیوال سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ عدالت عظمیٰ میں چیلنج

326

اسلام آباد (آن لائن)سانحہ ساہیوال سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو عدالت عظمیٰ میں چیلنج کر دیا گیا۔درخواست ایڈوکیٹ ذوالفقار احمد بھٹہ کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ کا 25
نومبر 2019ء کا فیصلہ قانون کے منافی ہے اس لیے کالعدم قرار دیا جائے،سانحہ ساہیوال کیس میں استغاثہ کی کارکردگی انتہائی غیر تسلی بخش ہے،استغاثہ کی کمزوری کی وجہ سے مقدمے سے دہشت گردی کی دفعات ختم کی گئیں،ٹرائل کورٹ کی جانب سے شواہد کا ٹھیک جائزہ نہیں لیا گیا، کیس سے متعلق ٹرائل کورٹ کے فیصلے میں بھی خامیاں موجود ہیں،سانحہ ساہیوال حادثاتی نہیں بلکہ منظم منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا ہے،ساہیوال واقعہ پاکستان میں امن کیلئے کام کرنے والی غیر ملکی قوتوں کے خلاف نفرت پیدا کرنے کی کارروائی ہو سکتا ہے، درخواست میں استدعا کی گئی ہے ساہیوال واقعہ کا ازخود نوٹس لے کر استغاثہ کو بے خوف و خطر کیس کی پیروی کی ہدایت دینے سمیت سپریم کورٹ کیس کی اہمیت کے پیش نظر آرٹیکل 184(3) کے تحت مناسب حکم جاری کرے۔