لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ سیاست اور جمہوریت یرغمال ہیں‘ پیسے اور طاقت کی بنیاد پر سیاست عوام کے لیے نہیں خواص کے لیے ہے‘ جماعت اسلامی نے ہمیشہ ایسی سیاست کی نفی کی ہے‘ جماعت اسلامی عوام کی ترجمان ہے‘ ہم چاہتے ہیں کہ سیاست میں نئے لوگ آئیں اور بار بار آزمائے ہوئوں سے عوام کو نجات ملے‘ اب نئی نسل اور نئی جماعت کو موقع ملنا چاہیے‘ سابق اور موجودہ حکمران جماعتیں عوام کے مسائل حل کرنے میں100 فیصد ناکام ہوگئی ہیں‘ ان کی معاشی، تعلیمی، داخلہ و خارجہ پالیسیاں ناکام ہیں‘ تمام سیاسی جماعتیں ناکامیوں کی ایک داستان ہیں ‘ جماعت اسلامی کو موقع ملے گا تو پاکستان ترقی کر ے گا جو لوگ خوشحال اسلامی پاکستان چاہتے ہیں وہ جماعت اسلامی کا ساتھ دیں‘ بلوچستان کی خواتین کو تعلیم و صحت کی معیاری سہولیات مہیا نہیں‘ اس معاملے پر حکومت کا خاموش ہونا لمحہ فکر ہے‘ خواتین کو علاج و تعلیم کی سہولت تو درکنار پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں‘ خواتین کو تعلیم و سہولیات فراہم کرنے سے قوم ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکتی ہے‘ بے روزگاری، مہنگائی و غربت کی وجہ سےبلوچستان کی خواتین بھی بہت زیادہ متاثر ہے‘ وفاق کی غفلت کے ساتھ بلوچستان کی سیاسی قیادت نے بھی قوم کو تباہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی‘قوم کو سوچنا چاہیے کہ کب تک انہی لوگوں کو آزماتے رہیں گے جو مسائل و مشکلات پیدا کرنے کے ذمے دارہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے قرآن انسٹیٹیوٹ کے دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی، جماعت اسلامی خواتین کی صوبائی و ضلعی ذمے داران شازیہ عبداللہ، بی بی علیقہ، روبینہ علی اور فرزانہ اعجاز بھی موجود تھیں۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ عوام الیکشن کے دن چند لمحوں کی خطا کرکے کئی دہائیو ں سے سزا کاٹ رہے ہیں‘ عوام کو اب مسائل میں اضافہ کرنے والی موروثی جماعتوں کے بجائے جماعت اسلامی کا ساتھ دینا چاہیے‘ جماعت اسلامی بلوچستان خواتین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔ دریں اثنا سنیٹر سراج الحق نے سول اسپتال ٹراما سینٹر جاکر سیٹلائٹ ٹائون مسجد میں ہونے والے دھماکے کے زخمیوں اور مریضوں کی عیادت کی۔ انہوں نے اس موقع پر دھماکے کی شدید مذمت کی‘ انہوں نے زخمیوں کے پاس فرداً فرداً جاکر ان کی جلد صحت یابی اورشہدا کی مغفرت کے لیے خصوصی دعا بھی کی ہے اور انہیں ہر قسم کے تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے قیمتی جانوں کے نقصان پر دکھ اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے جمعیت علما اسلام (ف) کے رہنما سابق ایم این اے حافظ حسین احمد اور جماعت اسلامی کوئٹہ کے رکن ڈاکٹر محمد ابراہیم کے والد حاجی حبیب اللہ کے گھر جا کر ان کی عیادت کی‘ ان کے ہمراہ جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی، جنرل سیکرٹری ہدایت الرحمن بلوچ و دیگر بھی تھے۔ انہوں نے اس موقع پر حافظ حسین احمد اور حاجی حبیب اللہ کی صحت یابی کے لیے خصوصی دعا کی۔ سینیٹر سراج الحق نے مستونگ جدید آباد میں3 ڈسٹرکٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحت مندانہ سرگرمیاں عام کرنے کے لیے کھیلوں پر توجہ دینا ہوگی‘ بلوچستان کے نوجوان باصلاحیت ہیں‘منشیات کا ناسور ختم کرنے کے لیے نوجوان کھیلوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں‘ جے آئی یوتھ نوجوانوں کے مسائل حل کرنے میں ان کا ساتھ دے‘ بلوچستان حکومت کھیلوں کے فروغ و کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے لیے بجٹ میں رقم مختص کرے تاکہ منشیات اور بے راہ روی کا راستہ بند ہوجائے۔