لاڑکانہ کے عوام کا اعتماد سیپکو سے اٹھ چکا ہے، معظم علی عباسی

166

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) وفاقی حکومت کی اتحادی گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کے ٹکٹ پر ضمنی انتخابات میں کامیاب ہوکر رکن سندھ اسمبلی منتخب ہونے والے معظم علی عباسی کی جانب سے سپیکو کیخلاف سیاسی، سماجی، قوم پرست اور شہری تنظیموں کے رہنماؤں کے ہمراہ شہر کے ذوالفقار باغ سے ریلی نکالی جو کہ شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی ایس ای سیپکو دفتر پہنچی، جہاں دھرنا بھی دیا گیا۔ دھرنے میں ایس یو پی رہنما ڈاکٹر مظہر مغل، سندھ نیشنل پارٹی کے رہنما ریاض، یوسی چیئرمین چنگیز ابڑو، جمیل احمد گاد سمیت شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے معظم علی عباسی کا کہنا تھا کہ سیپکو انتظامیہ نے پہلے شہریوں کے قومی شناختی کارڈ لے کر انہیں کنڈے کنکشن دیے بعد ازاں انہیں اضافی بل بھیج دیے جس کے باعث اب لاڑکانہ کے عوام کا اعتماد سیپکو سے اٹھ چکا ہے، جن علاقوں کے میٹر بند ہیں انہیں بھی لاکھوں روپے کے بل بھیجے جارہے ہیں جبکہ غریب آدمی دو وقت کی روٹی کے لیے پریشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند ماہ قبل سیپکو چیف سے میری ملاقات گورنر ہاؤس کراچی میں ہوئی جہاں انہیں بجلی کے متعلق مسائل سے آگاہ کیا تاہم انہوں نے بل ادا نہ کرنے کی شکایت کی تو میں نے انہیں بتایا کہ ایک ٹرانسفارمر پر 80 سے زائد بل متعلقہ سیپکو افسران کو دیے گئے ہیں لیکن اس وقت تک بجلی فراہم نہیں کی گئی اس کے علاوہ متعدد بار سپیکو افسران سے شکایتیں کرکے تھک چکے لیکن ان کی جانب سے کوئی بھی مثبت جواب نہیں دیا گیا جس کے باعث ہم آج مایوس ہوکر یہاں دھرنا دے رہے ہیں، دھرنے میں مختلف علاقوں کے معززین نے شرکت کرکے بجلی کے متعلق اپنے مسائل سے ایم پی اے معظم علی عباسی کو بتایا جس پر انہوں نے مسائل حل کروانے کی بھی یقین دہانی کروائی۔