عمران خان ہر روز نواز اور شہباز کے منصوبوں پر اپنی تختی لگا ر ہے ہیں ، مریم اورنگزیب

99

لاہور(نمائندہ جسارت)ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے پھر اس منصوبے کا افتتاح کیا جس کی بنیاد نواز شریف نے رکھی تھی۔اضاخیل ڈرائی پورٹ کے افتتاح پر ردعمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب اتنے نالائق ہیں کہ 16 ماہ میں نواز شریف کے منصوبوں جیسا ایک منصوبہ بھی شروع نہیں کر سکے۔خیبرپختونخوا میں اپنی حکومت کے 6 سال میں ازاخیل ڈرائی پورٹ جیسا ایک منصوبہ دکھا دیں۔انہوں نے کہا کہ عمران صاحب آپ کی صلاحیت اور قابلیت پشاور میٹرو کے ایک کھرب پچیس کروڑ کے کھڈوں سے عیاں ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے از خیل نوشہرہ ڈرائی
پورٹ تجارت، روزگار اور کاروبار میں آسانیوں کے لیے بنایا تھا۔عمران صاحب آپ نے یہ منصوبہ بھی 16 ماہ میں تباہ کردیا۔ عمران صاحب ہر روز نواز شریف اور شہباز شریف کے منصوبوں پر اپنی تختی لگا ر ہے ہیں،آپ کوشرم تو آتی ہو گی ۔ عمران صاحب انڈے، مرغی، کٹے اور لنگر کی سوچ رکھنے والے نواز شریف کے منصوبوں پر تختیاں لگا کر صرف تالیاں بجوا سکتے ہیں۔