پی پی رہنما خورشید شاہ کیخلاف تفتیش:نیب کی جے آئی ٹی تشکیل

185

کراچی(اسٹاف رپورٹر) قومی احتساب بیورونے پیپلزپارٹی کے زیرحراست رہنما خورشید شاہ کے خلاف تفتیش کے لیے ڈی جی نیب ملتان عتیق الرحمن کی سربراہی میں 5 رکنی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی ۔ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی منظوری سے تشکیل دی گئی ،جے آئی ٹی میں ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) نیب ملتان عتیق الرحمن، فیڈرل بورڈ آف ریونیو سے عبدالحفیظ، سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان سے ڈپٹی رجسٹرار رضوان ہارون،ایف آئی اے سے ڈپٹی سیکرٹری سجاد مصطفی باجوہ اور ڈپٹی ڈائریکٹر و انویسٹی گیشن افسر عبدالحسن کاشان شامل ہیں۔پی پی رہنما خورشید شاہ کو آمدن سے زاید اثاثہ جات کیس میں 18 ستمبر 2019ء کو اسلام آباد میں گرفتار کیا تھا اور خورشید شاہ کے علاوہ ان کے 2 بیٹوں،دونوں بیگمات اور داماد صوبائی وزیر سید اویس قادر شاہ سمیت 18 افراد پر ایک ارب 30 کروڑ روپے سے زاید کے اثاثے بنانے کا الزام عاید کیا تھا۔ نیب نے خورشید شاہ سمیت دیگر تمام ملزمان کے خلاف ریفرنس سکھر کی احتساب عدالت میں دائر کیا تھا جس کی سماعت 7 جنوری کو ہوئی تھی اور اگلی سماعت 17 جنوری کو شیڈول ہے۔