خورشید شاہ کے خلاف نیب کی5رکنی تحقیقاتی ٹیم کی تشکیل ،

484

کراچی (اسٹاف رپورٹر) احتساب بیور نے پیپلزپارٹی کے زیرحراست رہنما خورشید شاہ کے خلاف تفتیش کے لیے ڈی جی نیب ملتان عتیق الرحمٰن کی سربراہی میں 5 رکنی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی۔

چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی منظوری سے تشکیل دی گئی جے آئی ٹی میں ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) نیب ملتان عتیق الرحمٰن، فیڈرل بورڈ آف ریونیو سے عبدالحفیظ، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان سے ڈپٹی رجسٹرار رضوان ہارون،ایف آئی اے سے ڈپٹی سیکریٹری سجاد مصطفیٰ باجوہ اور ڈپٹی ڈائریکٹر و انویسٹی گیشن افسر عبدالحسن کاشان شامل ہیں۔

سابق قائد حزب اختلاف اور پی پی پی رہنما خورشید شاہ کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں 18 ستمبر 2019 کو اسلام آباد میں گرفتار کیا تھا اور خورشید شاہ کے علاوہ ان کے دو بیٹوں، دونوں بیگمات اور داماد صوبائی وزیر سید اویس قادر شاہ سمیت 18 افراد پر ایک ارب 30 کروڑ روپے سے زائد کے اثاثے بنانے کا الزام عائد کیا تھا۔
نیب نے خورشید شاہ سمیت دیگر تمام ملزمان کے خلاف ریفرنس سکھر کی احتساب عدالت میں دائر کیا تھا جس کی سماعت 7 جنوری کو ہوئی تھی اور اگلی سماعت 17 جنوری کو شیڈول ہے۔