نوابشاہ :اسکول کی چھٹ کا پلستر گرنے سے 10 طلبہ زخمی

106

نوابشاہ (رپورٹ:کاشف رضا) میر محمد علی تالپور گورنمنٹ ہائی اسکول پرائمری سیکشن کلاس کی چھت کا پلستر گرنے سے متعد طلبہ و طالبات زخمی ہوگئے، زخمی طلبہ و طالبات نجی اسپتال منتقل، زخمی بچوں کے والدین کا محکمہ ورکس کے تحت تعمیر کرائی گئی عمارت کی تحقیقات کا مطالبہ۔ نوابشاہ کے قریب 68 موری سے ملحقہ میر محمد علی تالپور گورنمنٹ ہائی اسکول میں نئے تعمیر کردہ پرائمری سیکشن کی عمارت کی کلاس کیچھت کا دوران کلاس پلستر گرنے سے کلاس روم میں موجود دس سے زائد بچے زخمی ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی والدین کی بڑی تعداد بچوں کی خیریت معلوم کرنے اسکول پہنچ گئی۔ زخمی بچوں کے والدین نے معصوم بچوں کو طبی امداد کے لیے نجی اسپتالوں میں لے جا کر طبی امداد دلائی۔ حادثے میں زخمی بچوں کے والدین اور مقامی افراد نے میڈیا کے ذریعے ارباب اختیار اور کرپشن کی تحقیقات کرنے والے اداروں کے سربراہان سے مطالبہ کرتے ہوئے بتایا کہ محکمہ ورکس کے تحت تعمیر کردہ بے نظیر آباد کے درجنوں اسکولوں میں پلستر گرنے کے واقعات میں درجنوں بچے زخمی ہوئے، جس سے یہ بات واضح ہے کہ اسکول عمارتوں کی تعمیرات کے دوران ناقص میٹریل کا استعمال کیا گیا ہے۔ اسکولوں میں زیر تعلیم ہزاروں بچوں کی زندگیاں دائو پر لگی ہیں۔ آئے روز پلستر گرنے کے واقعات نے بچوں اور ان کے والدین کو خوف کا شکار بنا دیا ہے۔ محکمہ ورکس کے تحت تعمیر کردہ اسکول کی عمارتوں کی اسکروٹنی کرا کر خستہ حال عمارتوں میں تدریسی عمل بند کرکے مستقبل کے معماروں کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جائے اور ناقص میٹریل سے تعمیر خستہ حال عمارتوں کی منظوری دینے والے انجینئرز افسران اور ٹھیکیداروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔