حکمرانوں نے بلوچستان سمیت پورے ملک کو یرغمال بنا رکھا ہے ،سراج الحق

108
امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق پنجپائی بلوچستان میں استقبالیہ سے خطاب کررہے ہیں

لاہور (نمائندہ جسارت)امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹرسراج الحق نے کہاہے کہ ملک میں اس وقت غیریقینی صورتحال کے سبب عوام پریشان ہیں۔ حکمرانوں نے بلوچستان سمیت پورے ملک کویرغمال بنارکھاہے۔ بلوچستان کے مسائل کو مرکزی سطح پر سنجیدگی سے نہیں لیاگیا،بلوچستان کی پسماندگی کی اصل وجہ اقتدارپرستوں کے اپنے ذاتی مفادات ہیں۔بلوچستان کے عوام کے حقوق کا تحفظ جماعت اسلامی کی مخلص قیادت ہی کر سکتی ہے۔ بلوچستان ماضی میں حکمرانوں کی لوٹ مارکی وجہ سے دیگر صوبوں سے پیچھے رہ گیاہے۔بلوچستان میں غیرجانبدار اور مؤثراحتساب نہ ہونالمحہ فکر ہے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے پنج پائی کے دورے کے موقع پر قبائلی رہنما ملک عبد المجید مشوانی اور ملک اسرارمشوانی کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیے گئے استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ملک عبد المجید مشوانی، ملک اسرارمشوانی، حاجی رازق مشوانی ،میجر ریٹائرڈ نورمحمد مشوانی، حاجی حمیداللہ مشوانی،صوبائی امیر مولانا عبد الحق ہاشمی ،جے آئی یوتھ کے مرکزی نائب صدرجمیل احمد مشوانی، حاجی صدیق مشوانی سمیت قبائلی عمائدین اور نوجوانوں نے شرکت کی۔ سینیٹرسراج الحق نے کہاکہ ملک کی 3 بڑی پارٹیاں آرمی ایکٹ ترمیم پرتومتفق ہوگئیں دیکھنایہ ہے کہ مہنگائی،بے روزگاری ختم کرنے سمیت ملک کے سلگتے مسائل کے حل کے لیے کب متحدہوں گی۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالامال انتہائی اہم صوبہ ہے یہاں کے مسائل حل ہونے کے بجائے دن بدن گمبھیر ہوتے جارہے ہیں ،بلوچستان کے مسائل جماعت اسلامی کی مخلص قیادت ہی حل کرسکتی ہے۔ وسائل کی فراہمی سمیت وفاق نے سی پیک میں بلوچستان کویکسر نظرانداز کردیاہے ،گیس بلوچستان سے نکل کر پورے ملک کے عوام کو ایندھن فراہم کرتی ہے لیکن بلوچستان کا90 فیصد حصہ اس سہولت سے محروم ہے جن علاقوں کو گیس فراہم کی گئی ہے وہاں بھی پریشر نہ ہونے کی وجہ سے عوام گیس کے بھاری بھرکم بلوںسے پریشان ہیں ،بلوچستان میں بلزادائیگی کے باوجودصرف چند گھنٹے بجلی کی فراہمی افسوس ناک ہے، حکومت صوبے کے دیرینہ سلگتے مسائل کے حل پر سنجیدگی سے توجہ دے۔ بلوچستان ترقی کرے گاتوپاکستان کی معیشت مستحکم ہوگی۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ صوبے کی بڑی شاہراہوں کودورویہ کرنے کے ساتھ کوئٹہ پنج پائی براستہ اغبرگ منصوبے کو صوبائی حکومت کی جانب سے پی ایس ڈی پی سے نکالنا افسوس ناک ہے، اس منصوبے پرجلدکام شروع کیاجائے۔تقریب سے ملک مجیدمشوانی ملک اسرار مشوانی ، ملک مقبول مشوانی، حاجی رازق مشوانی اور جمیل احمدمشوانی نے خطاب کرتے ہوئے سینیٹرسراج الحق کوپنج پائی پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہاکہ ہم ہرقسم کے تعاون کے لیے تیار ہیں پنج پائی میں مشوانی قوم کے ساتھ ساتھ دیگر اقوام بھی آباد ہیں ہمیں اتحادواتفاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے آئندہ انتخابات میں مخلص نیک نام نمائندوںکا انتخاب کرناہوگاتاکہ ہم مسائل کے گرداب سے نکل سکیں۔