اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کراچی کو پانی کی فراہمی یقینی بنانے کیلیے کے فور منصوبے کو جلد سے جلد مکمل کرنے کے خواہاں ہیں، کراچی پیکج کے منصوبوں کو تیزی سے مکمل کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی مواصلات خالد مقبول صدیقی اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے وفد کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔ وفاقی وزیر نے وفد کو بتایا کہ وہ حکومت سندھ سے رابطے میں ہیں اور کے فور منصوبے کے بارے میں باقاعدہ معلومات لے رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر) منصوبے پر بھی تبادلہ خیال کیا اور یقین دلایا کہ اس ضمن میں تمام بقایا امور کو حل کیا جائے گا۔ اجلاس کے دوران ناردرن بائی پاس اور ریلوے فریٹ کوریڈور منصوبے بھی زیر بحث آئے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اپنے فنڈز میں تیزی سے حصہ جاری کر رہی ہے اور اس کو تیز کرنے کے لیے درکار تمام اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کراچی اور حیدرآباد کی ترقی کے لیے پرعزم ہے اور اس کے حصول کیلیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے حیدرآباد کے ترقیاتی امور خصوصاً شہر میں اعلی تعلیم کے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وفد نے ترقیاتی منصوبوں خصوصاً کراچی اور حیدرآباد میں تیزی سے تکمیل کرنے میں گہری دلچسپی لینے پر وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا۔