کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ سے وفاق جانے والے اسپتالوں میں آگ لگنے کاسلسلہ جاری ہے، این آئی سی وی ڈی اور جے پی ایم سی کے بعد قومی ادارہ برائے صحت اطفال کراچی کے سرجیکل آئی سی یو میں جمعرات کی علی الصباح آگ لگنے سے نومولود بچی جل کر جاں بحق ہو گئی۔
این آئی سی ایچ کے ڈائریکٹر پروفیسر جمال رضا کے مطابق چار روز کی بچی بے بی اقرا کو سرجیکل آئی سی یو میں انکیو بیٹر میں رکھا گیا تھا جس میں صبح چھ بجے کے قریب آگ بھڑک اٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے انکیو بیٹر میں لگنے والی آگ نے نومولود بچی کو جلا کر کوئلہ کر ڈالا۔
پروفیسر جمال رضا نے بتایا چوں کہ انکیو بیٹر میں آکسیجن سپلائی کی جاتی ہے اس وجہ سے مشین میں لگنے والی آگ انتہائی تیزی سے بھڑکی اور اس سے پہلے کہ اسپتال کا عملہ آگ بجھانے کی کوشش کرتا، نومولود بچی جل کر جاں بحق ہو گئی۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی این آئی سی ایچ واقعے کا نوٹس لے لیا ہے اور ایگزیکٹیو ڈائریکٹر این آئی سی ایچ سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ بچی کے والدین سے ہم دردی ہے، میں والدین خاص کر والدہ کا دکھ محسوس کر سکتا ہوں۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے این آئی سی ایچ کی انتظامیہ کو ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت بھی دی۔
این آئی سی ایچ کے ڈائریکٹر پروفیسر جمال رضا کے مطابق انہوں نے فوری طور پر تمام انکیو بیٹرز کو بند کروا دیا ہے اور ان کی جانچ پڑتال شروع کر دی گئی ہے۔ دوسری طرف صوبائی اور وفاقی حکام نے بھی آگ لگنے کے ان واقعات کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر اللہ بخش ملک جو اس وقت کراچی میں موجود ہیں، انہوں نے تینوں اسپتالوں کی انتظامیہ سے آگ لگنے کے واقعات کی تحقیقات کرنے اور حفاظتی انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے۔