سکھر،رائس کینال میں نامعلوم افرادنے زہر ڈال دیا

380

سکھر( نمائندہ جسارت) سکھر میں نامعلوم افراد نے نہر میں زہر ڈال دیا،سیکڑوں چھوٹی بڑی مچھلیاں ہلاک، مری ہوئی مچھلیاں سطح آب پر آگئیں ،لوگ مردہ مچھلیاں جمع کرکے گھر لے جانے میں مصروف،سکھر بیراج سے نکلنے والی رائس کینال میں بھل صفائی کے باعث پانی کی شدید کمی واقع ہے جس کا نامعلوم افراد نے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اس میں زہر ڈال دیا ہے جس کی وجہ اس میں موجود آبی حیات کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں تاہم زہر کے باعث سیکڑوں کی تعداد میں چھوٹی بڑی لاکھوں روپے مالیت کی مچھلیاں ہلاک ہوگئی ہیں اور مردہ حالت میں ابھر کر سطح پر آگئی ہیں اور اس کی وجہ سے علاقے کے لوگوں کے وارے نیارے ہوگئے ہیں اور ان کی بڑی تعداد مچھلیوں کو بازار میں فروخت کرنے اور گھروں کو لے جانے کے لیے مری ہوئی مچھلیاں جمع کرنے میں مصروف ہے تاہم دوسری جانب اطلاع کے باوجود محکمہ وائلڈ لائف نے اس کا کوئی نوٹس تک نہیں لیا ہے ۔واضح رہے کہ ہرسال جب بھی سکھر بیراج اور اس کی نہروں کی بھل صفائی کا کام شروع ہوتا ہے تو اسی طرح نامعلوم افراد کی جانب سے نہروں میں زہر ڈالنے کے واقعات پیش آتے ہیں جس سے آبی حیات کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہوجاتے ہیں۔