اسلام آباد ( خبر ایجنسیاں ) بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے فائدہ اٹھانے والوں میں گریڈ 17 سے گریڈ 21 کے 2 ہزار 543 اعلیٰ سرکاری افسران بھی شامل ہیں۔تفصیلا ت کے مطابق بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے فائدہ اٹھانے والے غیر مستحق افراد سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آگئیں۔ فہرست سے نکالے جانے والوں میں گریڈ 17 سے گریڈ 21 کے اعلیٰ سرکاری افسران بھی شامل ہیں، چاروں صوبوں اور وفاق سے اعلیٰ سرکاری افسران یا ان کے اہل خانہ بھی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت وظیفہ وصول کرتے رہے۔8 لاکھ سے زائد غیر مستحق افراد میں اعلیٰ سرکاری عہدوں پر فائز افسران بھی شامل ہیں، جو غریبوں کے نام پر جاری کی گئی رقم پر ہاتھ صاف کرتے رہے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے نکالے جانے والے افراد میں گریڈ 17 سے گریڈ 21 کے 2 ہزار 543 افسران شامل ہیں۔لا تعدد اعلیٰ سرکاری افسران اپنی بیویوں کے نام پر پیسے وصول کرتے رہے، اس پروگرام سے مستفید ہونے والوں میں گریڈ 21 کے 3 افسران جبکہ ملک بھر سے گریڈ 20 کے 59 افسران سہ ماہی وظیفہ وصول کرتے رہے۔لسٹ سے نکالے گئے گریڈ 19 کے افسران کی تعداد 429 ہے صرف صوبہ سندھ میں گریڈ 18 کے 342 افسران نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے فائدہ اٹھایا جبکہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے 6 افسران نے بھی اسکیم سے فائدہ اٹھایا۔گریڈ 17 کے ایک ہزار 240 افسران نے بھی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے فائدہ اٹھایا، بلوچستان میں سب سے زیادہ سرکاری افسران اس پروگرام سے مستفید ہوئے، بلوچستان سے 741 سرکاری افسران نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوئے سب سے کم پنجا ب میں افسران نے اس سے فائدہ اٹھا یا ہیں پنجا ب میں گریڈ 17کے 88گریڈ 18کے 45اور گریڈ کے 19کے 4افسران نے اس سکیم سے فائدہ اٹھا یا ہے ۔ دوسری جانب حکومت نے غریب بن کر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے رقم وصول کرنے والوں کے گرد گھیرا تنگ کرتے ہوئے سرکاری افسران کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ذرائع کے مطابق بی آئی ایس پی نے چیف سیکرٹریز اور متعلقہ وزارتوں کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے، گریڈ 17 سے 21 کے اعلیٰ سرکاری افسران فہرست میں شامل ہیں۔