محمد حمزہ خان برٹش جونیئر اوپن اسکواش چیمپئن شپ انڈر15 کا ٹائٹل جیتنے کے بعد آج وطن واپس پہنچیں گے

298

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کے قومی ا سکواش کھلاڑی محمد حمزہ خان برٹش جونیئر اوپن اسکواش چیمپئن شپ انڈر۔15 کا ٹائٹل جیتنے کے بعد آج وطن واپس پہنچیں گے۔ واضح رہے کہ حمزہ خان نے برطانیہ میں کھیلے گئے انڈر۔15 کے فائنل میں انگلینڈ کے یوسف شیخ کو 11-4، 11-3 اور 11-7 سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ دریں اثناء سرکاری خبر رساں ادارے سے گفتگو میں پاکستان اسکواش فیڈریشن کے نائب صدر قمر زمان نے حمزہ خان کو ٹائٹل جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حمزہ خان نے ایونٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کیا۔ انہوں نے کہا کہ برٹش جونیئر میں قومی کھلاڑیوں نے مجموعی طور پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حمزہ خان نے انڈر۔15 کا ٹائٹل جیت کر پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کیا ہے، اسی طرح نور زمان اور محمد عماد نے بھی سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔ قمر زمان کا کہنا تھا کہ فیڈریشن کی کوششوں سے نیا ٹیلنٹ سامنے آ رہا ہے، ملک میں اکیڈمیاں چل رہی ہیں جہاں پر نوجوان کھلاڑیوں کو بھرپور تربیت دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشن (پی ایس اے) پاکستان کو عالمی مقابلوں کی میزبانی دے گی جس میں پشاور میں 10 سال بعد پی ایس اے کے مقابلے بھی بحال ہونے کی توقع ہے۔