کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے 2020ء کیلئے بین الاقوامی اور قومی شیڈول کا اعلان کر دیا۔ منگل کو پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق پاکستان جونیئر ٹریننگ ٹور اپریل اور مئی میں ہو گا۔ 29ویں سلطان اذلان شاہ کپ 11 سے 18 اپریل تک ملائیشیا میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان سینئر کھلاڑیوں کا ٹریننگ ٹور جون، جولائی میں ہو گا۔ مینز جونیئر ایشیا کپ 4 سے 12 جون تک بنگلادیش کے شہر ڈھاکا میں کھیلا جائے گا جبکہ ایشیئن مینز ہاکی چیمپئن شپ 17 سے 27 نومبر تک ڈھاکا میں کھیلی جائے گی۔ فیڈریشن نے 2020ء کیلئے قومی ایونٹس کے شیڈول کا اعلان بھی کیا ۔ شیڈول کے مطابق 37ویں جونیئر ہاکی چیمپئن شپ 15 سے 16 ستمبر جبکہ 66ویں سینئر نیشنل ہاکی چیمپئن شپ 20 سے 30 ستمبر میں کھیلی جائے گی۔ اکتوبر میں پہلی پاکستان ہاکی سپر لیگ کھیلی جائے گی۔ انٹر کلب ہاکی چیمپئن شپ جون، جولائی، انٹر ڈسٹرکٹ 2 سے 7 جون، انٹر ریجن 10 سے 14 جون، بین الصوبائی 16 سے 20 جون اور نیشنل سطح کے مقابلے 22 سے 26 جون تک کھیلے جائیں گے۔ انٹر اسکول ہاکی چیمپئن شپ جون اور جولائی میں کھیلی جائے گی۔ انٹر ڈسٹرکٹ 14 جون سے یکم جولائی، انٹر ریجن 3 سے 8 جولائی، بین الصوبائی 11 سے 16 جولائی اور نیشنل سطح کے مقابلے 20 سے 25 جولائی تک کھیلے جائیں گے۔ آل پاکستان سونا کپ ہاکی ٹورنامنٹ اور چیف منسٹر گولڈ کپ مئی میں کوئٹہ میں کھیلا جائے گا۔ عطاء اﷲ جان میموریل ٹورنامنٹ اٹک، بریگیڈیئر حمید گولڈ کپ پشاور، گورنرز گولڈ ہاکی کپ کراچی، 7واں قائداعظم گولڈ کپ کراچی، بریگیڈیئر (ر) آصف میموریل ٹورنامنٹ سرگودہا، دوسرے آرمی اسٹاف ہاکی کپ 25 نومبر سے 4 دسمبر تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ اسی طرح کلینکس سیمینارز اور ورکشاپس کا انعقاد بھی 2020ء میں کیا جائے گا۔