پارک لین ریفرنس : زرداری و دیگر پر 22 جنوری کو فرد جرم عائد ہوگی

157

اسلام آباد (اے پی پی) احتساب عدالت نے جعلی بینک اکاؤنٹس سے متعلق پارک لین ریفرنس میں سابق صدر آصف علی زرداری سمیت تمام ملزمان پر فرد جرم عاید کرنے کے لیے 22 جنوری کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔ میگا منی لانڈرنگ ریفرنس میں 4 ملزمان کے بیرون ملک فرار ہو کر روپوش ہونے کی رپورٹ احتساب عدالت میں پیش کر دی گئی۔ نیب نے ملزمان کی واپسی کے لیے انٹرپول سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے۔ احتساب عدالت اسلام آباد کے جج اعظم خان نے جعلی بینک اکاؤنٹس سے متعلق میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنسز کی سماعت کی۔ آصف زرداری بیماری کے باعث پیش نہ ہوئے اور ان کی حاضری سے استثنا کی درخواست جمع کرائی گئی جسے عدالت نے منظور کر لیا۔ فریال تالپور سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ میگا منی لانڈرنگ کے ضمنی ریفرنس میں 5 ملزموں کا نام نکال کر 9نئے ملزموں کے نام شامل کیے گئے ہیں۔ ملزمان کی فہرست میں آصف زرداری، فریال تالپور، انور مجید ، عبدالغنی مجید،
حسین لوائی، نمر مجید اور یونس کوڈواوی سمیت دیگر شامل ہیں۔ نیب نے رپورٹ جمع کرائی کہ میگامنی لانڈرنگ کیس میں 4 ملزمان حاجی ہارون، یونس کوڈواوی ، اعظم وزیر اور مشتاق مہر فرار ہو کر بیرون ملک روپوش ہیں جنہیں کوششوں کے باوجود گرفتار نہیں کیا جا سکا۔ ان کی کینیڈا اور برطانیہ میں موجودگی کی اطلاعات ہیں۔ ذرائع کے مطابق نیب نے ملزمان کو ملک واپس لانے کے لیے انٹر پول سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے پیش رفت رپورٹ احتساب عدالت میں جمع کرائی جائے گی۔علاوہ ازیں احتساب عدالت نے میاں خرم رسول کے خلاف ایل پی جی کوٹہ کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔ جج محمد بشیر نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے سابق مشیر کے خلاف ایل پی جی کوٹہ کیس کی سماعت کی۔ ملزم کے وکیل کا کہنا تھا کہ ان کے موکل پر ایل پی جی کا کوٹہ دلوانے پر کمیشن وصول کرنے کا الزام درست نہیں۔ یہ صرف 2 افراد کے درمیان بینکنگ ٹرانزیکشنز کا معاملہ ہے۔ عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا جو 20 جنوری کو سنایا جائے گا۔مزید برآںاحتساب عدالت نے لوک ورثہ فنڈز میں خورد برد کے نیب ریفرنس میں استغاثہ کے پہلے گواہ کا بیان قلمبند کر لیا ہے۔ گواہ محمد صادق کے بیان پر جرح آئندہ سماعت پر 28 جنوری کو کی جائے گی۔ دوران سماعت ملزمان روبینہ خالد ، تابندہ ظفر اور مظہر الاسلام عدالت میں پیش ہوئے۔ ملزمان پر قومی خزانے کو 30 ملین روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔
احتساب عدالت