آمدن سے زاید اثاثے‘ رانا ثناکے اہل خانہ بھی شامل تفتیش۔ حمزہ شہباز کے ریمانڈ میں توسیع

156

لاہور (نمائندہ جسارت) آمدن سے زاید اثاثہ جات کیس میں نیب ن لیگ پنجاب کے صدر، رکن قومی اسمبلی رانا ثنا اللہ کے اہل خانہ سے بھی تفتیش کرے گا‘ جبکہ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کے ریمانڈ میں توسیع کردی گئی‘احتساب عدالت نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی مستقل حاضری سے استثنا کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے ن لیگ پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ کے خلاف آمدن سے زاید اثاثہ جات کیس میں ان کی اہلیہ، بیٹی اور داماد کو بھی شامل تفتیش کرلیا ہے۔ نیب نے رانا ثنااللہ کی اہلیہ، داماد اور بیٹی کو بھی اثاثہ جات فارم جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے‘ خاندان کے تینوں افراد سے متعلق نیب نے رانا ثنااللہ سے سوال وجواب بھی کیے تھے۔ (ن) لیگی رہنما سے شہریار کے ذرائع آمدن اور بیٹی کے نام پر اثاثوں کی تفصیل پوچھی گئی تھی۔ رانا ثنا اللہ نے بیٹی اور داماد سے متعلق کہا کہ سب ریکارڈ پر موجود ہے ۔نیب نے رانا شہریار کے اثاثوں کی چھان بین بھی شروع کردی ہے کیونکہ تفتیشی حکام کا الزام ہے کہ رانا ثنا اللہ نے اپنے اثاثے خاندان کے نام پر بنا رکھے ہیں۔نیب کا الزام ہے کہ رانا شہریار سابق وزیر قانون کے بینفشری ہیں اس لیے ان کے اثاثوں کی چھان بین کے متعلقہ اداروں سے ریکارڈ بھی مانگ لیا گیا ۔خیال رہے نیب کا الزام ہے کہ رانا ثنا اللہ نے منصب کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے فیصل آباد میں انڈر پاس کا نقشہ تبدیل کروایا اور من پسند افراد کو فائدہ پہنچایا تھا۔علاوہ ازیں لاہور کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم کے سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد کے آمدن سے زاید اثاثہ جات کیس میں ان کے جوڈیشل ریمانڈ میں8 روز کی توسیع کر دی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر فواد حسن فواد کی بریت کی درخواست پر مزید دلائل طلب کر لیے، فواد حسن فواد پر 4 ارب 56 کروڑسے زایدکے ناجائز اثاثے بنانے کا الزام ہے۔ علاوہ ازیںاحتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز ریفرنس میں پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں17جنوری تک توسیع کر دی جبکہ مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی مستقل حاضری سے استثنا کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ احتساب عدالت میں آشیانہ اقبال اور رمضان شوگر ملز ریفرنسز کی سماعت ہوئی۔جیل حکام نے حمزہ شہباز کو جج امجد نذیر کے روبرو پیش کیا۔