کراچی (اسٹاف رپورٹر) سائٹ سپر ہائی وے پولیس نے چائے بیٹھک ریسٹورنٹ کے نام سے قائم منشیات اور فحاشی کے اڈے پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے 30 سے زائد نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ سائیٹ سپر ہائی وے کے ایس ایچ او محمد مٹھل نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ جمالی پل کے پاس چائے بیٹھک ریسٹورنٹ کے نام سے قائم منشیات اور فحاشی کے اڈے پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے منشیات پینے اور فحش حرکتیں کرنے والے 30 سے زائد نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کو گرفتا ر کر لیا،
پولیس نے بتایاہے کہ کارروائی کے دوران منشیات کے اڈے سے بھاری مقدار میں مختلف اقسام کی منشیات اور 50 سے زائد حقہ شیشے بھی برآمد کئے گئے ہیں، اڈے کے مالکان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب جبکہ چند ملازمین کو بھی پولیس نے گرفتار کرلیا ہے، چائے بیٹھک ریسٹورنٹ کے فرار ہونے والے مالکان کی تلاش جاری ہے، ایس ایچ او تھانہ سائٹ سپر ہائی وے محمد مٹھل سے تفصیلات جانے کے لئے رابطہ کیا گیا تو انہوںنے چھاپے کی تصدیق کی لیکن تفصیلات دینے سے انکار کردیا،
ذرائع نے بتایا ہے کہ مقدمہ درج کرنے سے قبل ملزمان کو چھوڑنے کے لئے توڑ جوڑ جاری ہے، ذرائع نے مزید کہا ہے کہ چائے بیٹھک کے نام سے قائم منشیات اڈے کے مالکان میں شاہد، زاہد اور اسامہ نامی افراد شامل ہیں۔