بہت جلد سلیکٹڈ حکومت کا خاتمہ ہو جائے گا، مولانا فضل الرحمن

138

پشاور(آن لائن)حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک فیصلہ کن موڑ پرآ گئی ،بہت جلد سلیکٹڈ حکومت کا خاتمہ ہو جائے گا، قومی اسمبلی اور سینیٹ میں آرمی ایکٹ کی مخالفت کریں گے،حکومت پہلے اپنے ماتحت اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنائے،اسکے بعد دینی مدارس کے لیے قانون سازی کرے، دینی مدارس کو وزارت تعلیم کے ماتحت کرنے کو قبول نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار جمعیت علمائے اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمن نے ضلع مردان سے پارٹی وفد کی جانب سے سیاسی صورتحال پر بریفنگ کے موقع پر کیا۔وفد کی قیادت ضلعی امیر مولانا محمد قاسم نے کی جبکہ دیگر ارکان میں مولانا قیصرالدین، مولانا حجت اللہ،مولانا صادق حسین حسرت اور عصمت اللہ شامل تھے۔مولانا فضل الرحمن نے بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ جے یو آئی ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لائے گی، آرمی ایکٹ کے حوالے سے پارٹی کا موقف واضح ہے، جعلی پارلیمنٹ سے بل منظور کرناکسی بھی صورت قبول نہیں کریں گے ۔امریکا اور ایران کے تنازعے پر انہوں نے کہاکہ پاکستان کو اپنی سرزمین پڑوسی ممالک کے خلاف استعمال کرنے کی کسی صورت بھی اجازت نہیں دینی چاہیے اور اگرکسی کے ڈر سے پاکستان نے اپنی زمین استعمال کرنے کی اجازت دی تو اسکی بھرپور مخالفت کریں گے۔
فضل الرحمن