احسن اقبال کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا گیا

160

اسلام آباد(آن لائن) احتساب عدالت نے احسن اقبال کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا ، شاہد خاقان عباسی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 21 جنوری تک توسیع کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق نارووال اسپورٹس سٹی اسکینڈل مسلم لیگی رہنما و سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا ، نیب نے احسن اقبال کے مزید 14 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے جج محمد بشیر کو بتایا کہ ملزم کیخلاف ٹھوس شواہد ہیں احسن اقبال کے اثاثوں کی بھی چھان بین کررہے ہیں جس کی وجہ سے
جسمانی ریمانڈ کی ضرورت ہے ۔احسن اقبال کے وکیل نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ احسن اقبال نیب کو اپنا صفائی کا بیان ریکارڈ کراچکے کوئی برآمدگی ہونی ہے نا کوئی تفتیش ۔احتساب عدالت نے احسن اقبال کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے نیب حکام کے حوالے کرتے ہوئے حکم دیا کہ تفتیش مکمل کر کے 13 جنوری کو احتساب عدالت میں پیش کیا جائے ۔علاوہ ازیں احتساب عدالت نے ایل این جی کیس میں شاہد خاقان عباسی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 21 جنوری تک توسیع کر دی۔ادھر مفتاح اسماعیل سمیت 3 ملزمان نے عدالت حاضری سے استثنا کی درخواستیں دائر کر دیں جس پر عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 13 جنوری کو دلائل طلب کرلیے۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا آرمی ایکٹ میں خامیوں سے متعلق حکومت کو جواب دینا چاہیے، حکومت نے معاملے میں خرابیاں پیدا کیں، بل میں خامیاں ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے، ن لیگ ہر بل دیکھتی اور پھر حمایت کرتی ہے، بل شخصیت یا حکومت کے لیینہیں ہوتے، ہمیشہ کے لیے بنتے ہیں۔
احسن اقبال