آگ بھڑکانا ہماری پالیسی تھی نہ اس کا حصہ بنیں گے، شاہ محمود قریشی

399

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کی سرزمین کسی دوسری ریاست کے خلاف استعمال نہیں ہو گی، آگ بھڑکانا نہ ہماری پالیسی تھی نہ اس کا حصہ بنیں گے،مشرقی وسطی میں صورتحال نازک اور تشویشناک ناک ہے۔

سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئےوزیر خارجہ نے کہا کہ خطہ عرصہ دراز سے کشیدگی اور عدم استحکام کا شکار رہا ہے،خطے کے بہت سے مسائل ابھی بھی حل طلب ہیں،توجہ نہ دینے سے مسائل میں اضافہ ہوتا چلاگیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں کوئی ابہام نہیں ہے،پاکستان سمجھتا ہے اگر کوئی ایکشن اٹھائے جاتے ہیں جس سے اس خطے کا امن متاثر ہوتا ہے تو یہ پاکستان کے مفاد میں نہیں ہے، پاکستان نے واضح موقف اپنایا پاکستان کسی یکطرفہ ایکشن کی تائید نہیں کرتا، طاقت کا استعمال مسئلے کا حل نہیں۔

انہوں نے کہاکہ  معاملات اس سے سلجھ نہیں سکتے،سب فریقین کو صبرو تحمل سے کام لینا چاہیے،مشرقی وسطی کا خطہ کسی نئی جنگ کا متحمل نہیں ہوسکتا،پاکستان کی سرزمین کسی دوسری ریاست کے خلاف استعمال نہیں ہوگی،آگ بھڑکانا نہ ہماری پالیسی تھی نہ اس کا حصہ بنیں گے۔

وزیرخارجہ نے کہاکہ بین الاقوامی برادری اور اقوام متحدہ اس آگ کو بجھانے اور خطے کو عدم استحکام سے بچانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں، ہم صورتحال کو مانیٹر کررہے ہیں،دفتر خارجہ میں ٹاسک فورس تشکیل دی ہے، یہ ریجنل چیلنج ہے ہم اس کے ذمہ دار نہیں لیکن اس سے دوچار ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم ذمہ داری کا ثبوت دیں گے،ہم دیگر ممالک سے رابطہ کر رہے ہیں،تاریخ سے کوئی آنکھ نہیں چرا سکتا،اپوزیشن کی کوئی تجاویز ہیں تو ہم سے شیئر کریں ہم ان کو خوش آمدید کریں گے۔