استور (اے پی پی)گلگت بلتستان میں زلزلہ سے متاثرہ ضلع استور کے علاقے میں پاک فوج اور سول انتظامیہ کا مشترکہ امدادی آپریشن جاری ہے، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان اور فورس کمانڈر جی بی نے ضلع استور کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اورزلزلہ متاثرین سے ملاقات کی اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ بھی لیا۔وزیراعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ زلزلہ متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، جن علاقوں کی سڑکیں بند ہوئی ہیں وہاں افواج پاکستان کی تعاون سے امدادی اشیا اور ٹینٹ پہنچادیے گئے ہیں، زلزلے سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگایا جارہا ہے، صوبائی حکومت کی جانب سے منظور کردہ پالیسی کے مطابق نقصانات کے ازالے کے لیے اقدامات کیے جائینگے۔ وزیراعلیٰ نے زلزلہ متاثرین کی مدد اور بحالی کے حوالے سے افواج پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر عظم اللہ خان نے زلزلہ متاثرین کی مشکلات اور استور کی موجودہ صوتحال کے حوالے سے وزیراعلیٰ اور فورس کمانڈر جی بی کو بریفنگ دی۔