تاریخ اپنا فیصلہ شہید بھٹو کے حق میں سنا چکی‘ بلاول

146

اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کو ان کی سالگرہ پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ اپنا فیصلہ شہید بھٹو کے حق میں سنا چکی ہے۔ ذوالفقار علی بھٹو کی 92ویں سالگرہ پراپنے پیغام میں بلاول نے کہا کہ شہید بھٹو کی میراث ان کا نام یا شخصیت نہیں بلکہ ان کا بائیں بازو کا نظریہ تھا، جنہوں نے اختیارات عوام کو منتقل کرنے والی تحریک کی قیادت کی، اس سیاسی میراث کو بدنام کرنے و الی رجعت پسند قوتوں کو 40سال سے منہ کی کھانا پڑی ہے۔ بلاول کے مطابق بھٹو قائداعظم کے بعد واحد رہنما تھے جنہوں نے عوام کو طاقتور بنانے کی جدوجہد کی۔ انہوں نے کہا کہ بھٹو پاکستان کے 93ہزار جنگی قیدیوں کو باعزت واپس لائے،5 ہزار اسکوائر کلومیٹر سے زائد رقبہ بھارتی قبضے سے واگزار کروایا اور قوم کو 1973ء کا متفقہ آئین دے کر ملک میں اتحاد و ہم آہنگی کو فروغ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو امریکا کے گرد گھومنے والی ملکی سفارتکاری کو وسعت دیتے ہوئے اسے چین تک لے گئے اور پاکستان کو جوہری پروگرام دے کر ملک کے خلاف ہر قسم کی بیرونی مہم جوئی کا سدباب کیا، اس کے علاوہ ٹریڈ یونینز قائم کرنے کی اجازت دی اور مزدور دشمن پالیسیوں کا خاتمہ کیااور مزدوروں کو انتظامی اسٹیک ہولڈر بناکر آواز دی۔ بلاول نے کہا کہ پیپلز پارٹی پاکستانیوں کے حقوق و تمام آزادیوں کی محافظ کا کردار نبھاتی رہے گی۔